• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ٹرمپ فیصلہ کن مذاکرات آج ہونگے،صدرعالمی بینک،ایکٹنگ ایم ڈیIMFسےملاقاتیں

واشنگٹن(ایجنسیاں‘جنگ نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے تین روزہ دورہ امریکا کی باضابطہ مصروفیات کا آغاز اتوار سے ہو گیا ‘عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فیصلہ کن مذاکرات آج وائٹ ہاؤس میں ہوں گے ‘عمران خان آج وائٹ ہاؤس کا 3گھنٹے کا دورہ کریں گے جس میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات‘ دو دیگر نشستیں اور امریکی صدر کی ٹیم کے ساتھ ظہرانہ شامل ہے‘ اس کے علاوہ وزیراعظم نےپاکستانی سفارتخانے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے وفد سے ملاقات بھی کی۔ اس وفد کی قیادت آئی ایم ایف کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن کر رہے تھے ‘ ملاقات میں آئی ایم ایف کے 6ارب 20ڈالر کے مالیاتی پیکج کے حوالے سے دونوں فریقین کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی‘بعد ازاں وزیر اعظم نےصدر عالمی بینک سے بھی ملاقات کریں گے‘عمران خان نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب امریکا میں عظیم الشان جلسے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ ملک کی تاریخ میں کسی بھی وزیراعظم کا یہ پہلا جلسہ ہے۔ کیپیٹل ارینا میں ہونے والے جلسہ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے فراہم سازگار ماحول سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو یہاں پاکستانی سفارتخانہ میں معروف پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں افینٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاءچشتی، ریسورس گروپ کے بانی شراکت دار محمد خیشگی اور ریسورس گروپ کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر حسنین اسلم شامل تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے تاجروں و سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال میں بہتری کی تعریف کی۔ تاجروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان میں توانائی، سیاحت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے حکومت کے پالیسی فریم ورک اور سازگار ماحول کو اجاگر کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارت خانے میں کاروباری شخصیات کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پالیسی فریم ورک اور سازگار ماحول اور کاروبار کرنے کو آسان بنانے میں بہتری کے عمل، صنعتی شعبہ اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ناصر جاوید، اشرف قاضی اور شوکت دھنانی نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے تدریسی، مینوفیکچرنگ اور اسٹیل کی صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے وزیراعظم کو آگاہ کیا‘ انہوں نے وزیراعظم کے پاکستان کی سماجی۔ اقتصادی ترقی کے وژن کی تعریف کی۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ممتازپاکستانی نژاد امریکی بزنس ٹائیکون اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے با اثر ممبر طاہر جاوید نے واشنگٹن میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی‘امریکا میں مقیم ممتاز پا کستانی بزنس مین جاوید انور نے بھی سر مایہ کاروں کے ایک گروپ کے ہمراہ واشنگٹن میں پا کستانی سفارتخانے میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی‘ وزیر اعظم نے ان سر مایہ کاروں اور تاجروں کو پا کستان کے تز ویراتی محل وقوع اور ریجن کی سر حدوں سے منسلک ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والے کا رو باری اور معاشی مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کی دعوت دی ‘عمران خان سے سابق سفیر منیر اکرم اور معروف تاجر شہال خان نے بھی ملاقات کی ‘ملاقات میں پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان سے ملاقات کے بعد طاہر جاوید نے جنگ اور جیو سےخصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ سے خطاب اور ملاقات کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے‘ان کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی کا کس کی شریک چیئرپرسن شیلا جیکسن اہم کردار ادا کر رہی ہیں ‘اس پروگرام میں پچاس سے زائد اراکین کانگریس اورسات سے زائد سینیٹرزنے شرکت کی تصدیق کردی ہے ‘یہ پروگرام کپٹل ہل واشنگٹن میں کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دفتر کے قریب واقع ہال میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔

تازہ ترین