• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ اجلاس، چیئرمین کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ہنگامے کا امکان

اسلام آباد (طارق بٹ) سینیٹ میں منگل کو ہونے والے ریکوزیشن اجلاس میں حزب اختلاف کی جماعتوں اور حکمران جماعت کے حمایت یافتہ چیئرمین صادق سنجرانی کے درمیان ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد شروع کرنے کے سوال پر شدید تکرار ہونے والی ہے۔ سنجرانی بضد ہیں کہ ریکوزیشن اجلاس میں عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی کیونکہ اس طرح کی بیٹھک یا نشست صرف اہم قومی معاملات پر بحث کیلئے استعال ہوتی ہے جن کا اس کے اسپانسرز کی جانب سے درخواست میں خصوصی ذکر کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور اس کے اتحادی چیئرمین کی رائے سے مکمل اتفاق رکھتے ہیں اور عدم اعتماد کی قرار داد کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پارلیمانی ذرائع کا خیال ہے کہ ریکوزیشن اجلاس کو ممکنہ طور پر حزب اختلاف کے ساتھ ہنگامے کے ذریعے نقصان پہنچے گا جیسا کہ حزب اختلاف کا اصرار ہے کہ اس کی تحریک عدم اعتماد پر فوری بحث اور ووٹنگ کی جانی چاہئے اور دوسرا فریق اس طرح کے کسی بھی عمل کی شدید مخالفت کر رہا ہے۔ چیئرمین کو ریکوزیشن اجلاس طلب کرنے اور ملتوی کرنے کا اختیار ہے۔

تازہ ترین