• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن وزیراعظم بنے تو استعفیٰ دے دوں گا،فلپ ہیمنڈ

لندن( پی اے ) چانسلر فلپ ہیمنڈ نے کہا ہے کہ اگر بورس جانسن وزیراعظم بنے تو وہ استعفیٰ دیدیں گے، فلپ ہیمنڈ نو ڈیل بریگزت کے کھلے ناقد ہیں جبکہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ اگر علیحدگی کے معاہدے میں تبدیلیاں نہ کراسکے تو نوڈیل کے تحت ہی یورپی یونین چھوڑ دیں گے۔ بی بی سی کے پروگرام میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انھیں برطرف کئے جانے کا خدشہ ہے تو انھوں نے کہا کہ نہیں مجھے برطرفی کا خطرہ نہیں بلکہ میں اس حد تک پہنچنے سے قبل خود ہی استعفیٰ دیدوں گا۔ انھوں نے کہا کہ بورس جانسن غالباً وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے لیکن ان کی حکومت میں کام کرنے کے معنی 31 اکتوبر کو نو ڈیل کو قبول کرنے کے مترادف ہوگا اور میں اسے قبول نہیں کروں گا۔ یہ ضروری ہے کہ وزیراعظم ایک ایسا چانسلر منتخب کرسکیں جو ان کی پالیسیوں سے اتفاق کرتا ہو اور میں تھریسا مے کے استعفیٰ دینے کیلئے محل میں جانے سے قبل ہی ان کو اپنا استعفیٰ پیش کردوں گا۔ اس سے قبل وزیر انصاف ڈیوڈ گواک نے سنڈے ٹائمز سے کہا تھا کہ اگر بورس جانسن نمبر10میں داخل ہوئے تو وہ بھی کابینہ چھوڑ دیں گے۔ انھوں نے کہا تھا کہ جب سے تھریسا مے برسراقتدار آئی ہیں میں خدمات انجام دے رہا ہوں اور میں انھیں ہی استعفیٰ پیش کروں گا۔ دوسری طرف مرر نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی کے کم از کم 6 ارکان پارلیمنٹ پارٹی چھوڑ کر لبرل ڈیموکریٹ میں شامل ہو جائیں گے اگر بورس جانسن جیرمی ہنٹ کو ہرا کر نمبر10 ڈائوننگ سٹریٹ میں داخل ہوئے تو دارالعوام میں ان کی اکثریت ختم ہوچکی ہوگی۔ ٹوری قیادت کی دوڑ پیر کو ختم ہو جائے گی اور اس کے اگلے دن ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین