بارسلونا(جواد چیمہ)ویلفیئر اتاشی عمرعباس میلہ کی قونصلیٹ آف پاکستان بارسلونا میں تین سالہ مدت ملازمت مکمل ہونے پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کی جانب سے الوداعی پارٹی دی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات نےشرکت کی،الوداعی پارٹی کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قدیر اے خان نے حاصل کی جبکہ نقابت کے فرائض کامران خان نے سرانجام دئیے۔ الوداعی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ویلفیئر اتاشی عمر عباس میلہ نے اپنے تین سالہ دور ملازمت میں بہترین کام کئے پاکستانی کمیونٹی ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ عمر عباس میلہ نے الوداعی پارٹی کا انعقاد کرنے پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں بارسلونا جیسے پررونق، زندہ دل پاکستانیوں کے شہر میں آیا اور ان کے لئے کام کر نے کا موقع ملا۔ انہو ں نے کہا کہ بارسلونا روشنیوں کا شہر ہے آرٹ کا شہر ہے اور سب سے بڑھ کر سیاحت کا شہر ہے۔ اور اس شہر میں آگے بڑھنے کے بہت زیادہ مواقع ہیں ۔ پاکستانی کمیونٹی نے جس طرح کم عرصہ میں یہاں پر ایک مقام حاصل کیا ہے وہ دوسرے ممالک میں کم ہی دیکھنے کو ملا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو مزید آگے جانا ہے ،یہاں کی معاشرت، سیاست ،سیاحت اور کاروبار میں بہت مواقع ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ ان سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ میں صرف کاتالونیا کے لئے ویلفیئر اتاشی نہیں تھا اس سے باہر بھی تھا اور پوری ایمانداری سے کوشش کی کہ سب جگہ پہنچ سکوں ، پہنچا بھی ہوں اور کمیونٹی کی خدمت بھی کی لیکن تمام جگہ نہیں پہنچ سکا جس پر میں معذرت خواہ ہوں، انہو ں نے کہا کہ کوتاہیاں ہوئی ہیں غلطیاں بھی ہوئی ہیں جس سے شاید درگزر ہو جائے لیکن اگر مجھ سے کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہو تو اس پر معافی کا درخواست گزار ہوں۔ کوشش کی ہے کہ تمام پاکستانیوں کو یکساں سہولیات دی جائیں اور اس کام کے لئے میں نے اپنے آپ کو بھی محدود رکھا جبکہ میں جیسا نظر آیا ویسا نہیں ہوں ، آج کے بعد میں آپ کیلئے عمر عباس میلہ ہوں، میرے گھر، دفتر کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں جب چاہیں فون کریں پاکستان آئیں تو ملاقات کریں ۔آپ ایک الگ عمرعباس میلہ پائیں گے۔ پارٹی کے اختتام پر صدرای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کامران خان ،سیکرٹری جنرل نعمان علی چوہدری، یاسر ادریس،محمد سلیمان گوندل،چوہدری عدنان عدیل دھوتھڑ اور ظفر منڈ نے یادگاری شیلڈ پیش کی اورنیک خواہشات کااظہار کیا۔اس موقع پر قدیر اے خان نے میاں محمد بخش کا کلام بھی سنایا۔