• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دکانیں سیل کرنے کا عمل عوام اور تاجروں کا معاشی قتل عام ہے ،اخترلانگو

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اختر حسین لانگو نے کو ئٹہ شہر میں سینکڑوں دکانوں کو سیل کرنے کے عمل کو حکومت کی جانب سے عوام اور تاجروں کا معاشی قتل عام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیل دکانوں کو فوری طور پر کھولا جائے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رش اور ٹریفک جام کو بہانہ بناکر سریاب روڈ، منیر احمد مینگل روڈ، پشین سٹاپ اور دیگر علاقوں میں سیکڑوں دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے جو تاجروں اور عوام کے معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ شہر میں پہلے ہی روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ صوبائی حکومت اورضلعی انتظامیہ نے سینکڑوں دکانوں کو سیل کرکے تاجروں اور عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج کردیا ہے جس کی بلوچستان نیشنل پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر سیل کی گئی دکانوں کو کھولے تاکہ تاجر اور عوام اپنے بچوں کیلئے روزگار کماسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر سیل دکانیں نہیں کھولی گئیں تو بلوچستان نیشنل پارٹی عوام اور تاجروں کے ساتھ ملکر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔
تازہ ترین