ملتان( سٹاف رپورٹر)پاکستان سرائیکی پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی صدر ملک اللہ نواز وینس کی رہائش گاہ پر ہوا۔اجلاس کی صدارت چیرپرسن ڈاکٹر نخبہ تاج لنگاہ اور ملک اللہ نواز وینس نے کی۔ پاکستان سرائیکی پارٹی نے تحریک انصاف کی سابقہ 10ماہ کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیا اورکہاکہ معاشی طور پر پاکستانی بدحال ہو چکے ہیں۔ موجودہ حکومت نے اپنی ساکھ اور مقبولیت انتہائی کم کر لی۔ موجودہ حالات میں قوم مزید 4سال تک تحریک انصاف کی حکومت کو برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی لہذا وزیر اعظم اپنے مینڈیٹ کی توثیق کے لئے ارکان پارلیمنٹ کی تائید سے فوری طور پر ریفرنڈم کا اعلان کریں۔ پاکستان سرائیکی پارٹی نے سرائیکی صوبے کے قیا م کے حوالے سے باور کرایا کہ ریاست مدینہ میں بدعہدی کی کوئی گنجائش نہیں۔عمران خان نے پہلے صوبہ اور اب سیکرٹریٹ سے بھی یوٹرن لے لیا ۔عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے اور مظاہروں کی تاریخ کا جلد اعلان کریں گے۔سنٹرل ایگزیکٹو کے اجلاس میں چولستان کی اراضی ی الاٹمنٹ کے حوالے سے سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔