• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب سول سیکرٹریٹ کااعلان 14اگست سےپہلے ہوگا:ندیم قریشی

ملتان (سٹاف رپورٹر )صوبائی پارلیمانی سیکر ٹری برائے اطلاعات و صوبائی حلقہ 216کے ایم پی اے ندیم قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا سب سول سیکر ٹریٹ ملتان میں ہی بنے گا ۔وزیراعظم عمران خان 14اگست سے قبل سیکر ٹریٹ کی جگہ کا خود اعلان کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہرانے سے خطاب میں کیا جس کا اہتمام شیخ واجد شوکت نے کیا تھا ۔ ندیم قریشی نے بتایا کہ ملتان کے سیوریج اور دیگر مسائل کے حل کیلئے خصوصی فنڈز حاصل کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کل ملازمین کی تعداد 2122ہے جبکہ ڈیوٹی پر صرف 850حاضر رہتے ہیں چنانچہ گھوسٹ ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور ان کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30اگست تک ویسٹ مینجمنٹ کی ناکارہ مشینری چالو ہو جائے گی۔ اسی طرح پانچ سو ملازمین کو بھرتی کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاور لومز کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے ۔ندیم قریشی نے کہا کہ نشتر ٹو کا منصوبہ تین سال میں مکمل ہو جائے گا ۔ ندیم قریشی نے کہا کہ یقینا ملتان ایک تاریخی شہر ہے ہماری کوشش ہے کہ ملتان کے تمام داخلی راستوں پر بڑے گیٹ بنائے جائیں جن پر مینگو اور یہاں کی ثقافت کی عکاسی کی جائے ۔پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے 50فی صد بند فلٹریشن پلانٹس کو بھی فعال کیاجارہا ہے ۔
تازہ ترین