• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سُپر 30 نے پہلی فلم کہو ناں پیار ہے کی یاد دلا دی: ہریتھک روشن

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور ڈانسر ہریتھک روشن نے کہا ہے کہ فلم ’سُپر 30‘ کی کامیابی کے بعد وہ بالکل ویسا ہی محسوس کر رہے ہیں جیسے اپنی پہلی فلم ’کہو ناں پیار ہے‘ کی کامیابی پر محسوس کیا تھا۔


بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے ایک انٹرویو کے دوران ہریتھک روشن نے اپنی ہٹ فلم ’سُپر 30‘ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت زیادہ خوش ہوں، بالکل ایسے خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسے میں نے اپنے کیریئر کی پہلی 2000ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’کہو ناں پیار ہے‘ کی کامیابی کے بعد محسوس کی تھی۔


فلم ’کوئی مل گیا‘ کے ہیرو ہریتھک روشن نے کہا کہ فلم کی کامیابی پر فنکاروں کی محنت وصول ہو جاتی ہے اور یہ اس بات کی ضمانت ہوتی ہے کہ آپ کی اداکاری کو پسند کیا گیا ہے اور شائقین کی بھاری تعداد نے آپ پر اعتماد کر کے فلم کے ٹکٹس خریدے ہیں، شائقین کی جانب سے آنے والی تعریفوں سے خوشی ہو رہی ہے اور میں ان تعریفوں سے کافی محظوظ ہو رہا ہوں۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ہریتھک روشن نے کہا کہ میری فلم کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے، میں اس فلم کے ایک بھی سین میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کرنا چاہوں گا، اس وقت تو بالکل بھی نہیں کیوں کہ شائقین نے میری فلم پسند کی ہے، اس کا مطلب ہے فلم بہترین ہے، اس میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہ تھی اور نہ ہے۔

واضح رہے کہ 115 کروڑ کی لاگت سے بننے والی فلم ’سپُر 30‘ رواں ماہ 11 جولائی کو ریلیز کی گئی تھی جس نے ابھی تک تقریباً 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔

تازہ ترین