آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
پیر 17؍ذوالحجہ 1440ھ 19؍اگست 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں، دورے کے دوران نیول چیف نے دبئی میں کمانڈر یو اے ای نیول فورسز، چیف آف اسٹاف یو اے ای آرمڈ فورسز اور یو اے ای کے ڈیفنس انڈرسیکریٹری سے ملاقاتیں کیں اور ابوظہبی میں شپ بلڈنگ یارڈ، نیول فورسز انسٹیٹیوٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا۔

دبئی میں نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر یو اے ای نیول فورسز ریئر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نہیان نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران، باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ریئر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نہیان نے دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک پر اتفاق کا اظہار کیا۔

نیول چیف نے خطے میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شمولیت کے تحت بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی میں منعقدہ کثیرالقومی بحری مشق امن19- میں یو اے ا ی نیوی کی شرکت پر ریئر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نہیان کا شکریہ ادا کیا۔

کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے عزم و کردار اور مشق امن 19-کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چیف آف اسٹاف یو اے ای آرمڈ فورسز اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد الثانی اور منسٹری آف ڈیفنس کے انڈر سیکریٹری جناب عزت مآب مہاتر سلیم علی ال داہری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دفاعی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں نیول چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ابو ظہبی کے دورے کے دوران نیول چیف نے ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ کا دورہ کیا۔

شپ بلڈنگ یارڈ آمدپر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا شپ یارڈ کے سر براہ نے پر تپاک استقبال کیا اور شپ یارڈ پر موجود کنسٹرکشن کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیول چیف نے شپ یارڈ کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ پر ہونے والے کام کے معیار کی تعریف کی۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے نیول فورسز یونٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا اور سر براہان سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران، باہمی اشتراک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاکستان اور متحدہ عرب امارات دوستی اور بھائی چارے کے لازوال بندھن میں جڑے ہیں۔ یو اے ای نیول فورسز کے سینئر افسران کی ایک کثیر تعداد پاکستان سے تربیت حاصل کر چکی ہے۔

متحدہ عرب امارات کا دورہ دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین بالخصوص تعلقات میں فروغ کا باعث ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید