• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک کرکٹ میں پچ اور بالز کی کوالٹی بہتر بنانے کا فیصلہ، آسٹریلین گیندیں استعمال ہونگی

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانیہ سے درآمد کی گئی گیندوں کے ناکام تجربے کے بعد نئے ڈومیسٹک سیزن میں ایک بار پھر آسٹریلوی گیندیں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فرسٹ کلاس سیزن میں پچوں کی کوالٹی بھی بہتر بنائی جائے گی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی مشہور کوکابرا کمپنی کی گیندیں فرسٹ کلاس ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے دوران استعمال کی جائیں گی۔ دو سال سے پی سی بی نے انگلینڈ کی ڈیوک گیندوں کا استعمال کیا تھا۔ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں کوکابرا گیندیں استعمال ہوتی تھیں۔ لیکن اس سال پی سی بی نے ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ میں بھی آسٹریلوی گیندیں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سال پی سی بی نے یہ فیصلہ اس لئے کیا ہے کیوں کہ انٹر نیشنل کرکٹ میں ہر جگہ کوکابرا کی گیندیں استعمال ہوتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں لال رنگ والی کوکابرا گیندیں استعمال ہوں گی۔ اسی طرح ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سفید رنگ کی آسٹریلوی گیندیں استعمال ہوں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ تیار کر لیا ہے جس پر عمل درآمد کے لئے تیاریاں مکمل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ، ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلوی گیندیں استعمال ہوں گی اس لئے پی سی بی انتظامیہ نے بھی اسی کوالٹی کی گیندیں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی نے نئے فرسٹ کلاس سیٹ اپ میں پچوں کی کوالٹی کو خاص اہمیت دی ہے۔ کیوں کہ ماضی میں غیر ملکی گیندوں کے ساتھ پچز کی کوالٹی زیادہ اچھی نہیں ہوتی تھی۔ یہ بھی شکایات ملتی رہی ہیں کہ ماضی میں بیرون ملک سے ایسی گیندیں منگوائی جاتی تھیں جو غیر معیاری ہوتی تھی۔ لیکن اس بار چیئرمین احسان مانی نے ایم ڈی وسیم خان کو خاص ہدایت کی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شکایات کو دور کیا جائے اور گیندوں اور پچوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ فرسٹ کلاس ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں صوبائی ٹیمیں شرکت کریں گے۔ ڈپارٹمنٹل اور ریجنل ٹیموں کو ختم کردیا جائے گا۔ ڈپارٹمنٹس صوبائی ٹیموں کو اسپانسر کریں گے۔ جبکہ عملی طور پر ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا کردار ختم کردیا جائے گا۔ پی سی بی نے ڈپارٹمنٹس کو بتایا گیا ہے کہ اگلے سیزن میں ان کی کوئی ٹیم کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔

تازہ ترین