• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کو پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے میں ہچکچاہٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان کے سیکیورٹی حالات میں بہتری آنے کے باوجود سری لنکا کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان میں دو ٹیسٹ کھیلنے میں ہچکچاہٹ کا شکارہے۔ ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ تاہم آئندہ ماہ سری لنکا کرکٹ کا سیکیورٹی وفد لاہور اور کراچی کا دورہ کرے گا۔ لندن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران پاکستان اور سری لنکا بورڈز کے حکام نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ پاکستان میں کرانے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔ سری لنکن بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈسلوا نے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان سے ملاقات کی جس میں سیریز سے قبل سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی گئی۔ سری لنکن حکام کے مطابق وطن واپس جاکر چند روز میں سکیورٹی وفد کے ارکان اور متوقع تاریخوں سے پی سی بی کو آگاہ کردیا جائے گا۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے، پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں یہ دونوں ٹیسٹ کرانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سکیورٹی وفد ان دونوں مجوزہ مقامات کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا جس کے بعد مہمان ٹیم کے پاکستان آنے کی تصدیق ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا دو میں سے ایک ٹیسٹ پاکستان میں کھیلنے پر رضامند ہے۔ واضح رہے کہ ڈھائی سال قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم لاہور میں ایک ٹی 20 انٹر نیشنل کھیلنے آچکی ہے ۔2009 میں لاہور میں سری لنکاپر دہشت گردوں کے حملے کے بعد گذشتہ دس سال سے پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہوا ہے۔

تازہ ترین