• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

کراچی (نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ہتھیاروں سے متعلق قوانین کی اصلاحات کے دوسرے مرحلےمیں نیشنل فائر آرمز رجسٹریشن منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ہتھیاروں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ہتھیاروں کے لائسنس رکھنے سے متعلق قوانین بھی سخت کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو جب ایک مسلح شخص نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کی،اس واقعے نے نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں کی ملکیت سے متعلق رویہ تبدیل کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ’ خطرناک ترین ہتھیاروں کو فروخت کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے‘۔ خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد ابتدائی طور پر نیم خود کار ہتھیاروں پر پابندی عائد کی تھی۔ وزیر پولیس اسٹیوارٹ ناش نےکہا کہ یہ تبدیلیاں ہتھیاروں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ضروری تھیں۔

تازہ ترین