• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ اپوزیشن کااجلاس، 62 سینیٹرز کی شرکت، چیئرمین سے استعفے کامطالبہ

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک اعتماد کامیاب بنانے کیلئےمسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے اپوزیشن سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیاجس میں62 اپوزیشن سینیٹرز نے شرکت کی اور چیئرمین سے استعفے کا مطالبہ کیا۔شہباز شریف نے تمام پارلیمانی رہنمائوں کو اپنے سینیٹرز کی(آج)ہونے والے سینیٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے اپوزیشن کو متحد رہنے کا مشورہ دیا۔شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں سے جیلیں بھری جا رہی ہیں، ملک کی معیشت تباہ ہوچکی اور معاشی ٹیم مذاق بن چکی ہے، بے روزگاری انتہا کو چھو رہی ہے،وزیراعظم کو علم نہیں کہ غریب کس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں، ماضی سے سبق سیکھ کر نظام میں بہتری لانی ہوگی، میثاق جمہوریت ایک شاندار چارٹر تھا، ابھی بھی تاخیر نہیں ہوئی، میثاق جمہوریت میں مزید جماعتوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی اور سینیٹر شیری رحمن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اجلاس میں 62 سینیٹرز نے شرکت کی ،2 سینیٹرز جنرل (ر) عبدالقیوم اور چوہدری تنویر آج تک بیرون ملک سے واپس آ جائینگے، ہمارے سینیٹرز کی تعداد 64پوری ہو جائیگی، حکومتی سینیٹرز کا یہ کہنا کہ ہارس ٹریڈنگ کرینگے اور ہر حربہ استعمال کرینگے ، اسکی مذمت کرتے ہیں ،ہم کوئی دباؤ قبول نہیں کرینگے،اپوزیشن کا کوئی سینیٹر نہیں بکے گااپوزیشن کا اجلاس (آج)منگل کو دوبارہ ہوگا، جس میں اگلے دنوں کیلئے حکمت عملی طے کرینگے، اب کوئی حربہ یا رکاوٹ پیدا کی تو آپ آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونگے۔ آج کے اجلاس میں شہباز شریف نے صابر شاہ کی سربراہی میں قائم کوآرڈی نیشن کمیٹی کو اراکین سے رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ شہباز شریف نے اپوزیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم کچھ بہتری لائے تھے، اس وقت سنگین مسئلہ عام آدمی کا زندہ رہنا ہے ،عام آدمی پر اس وقت زندگی تنگ ہوچکی ہے ،روٹی15 روپے اورنان20 روپے تک پہنچ چکا ہے، آج عام آدمی کو ضروریات پوری کرنا مشکل ہورہی ہیں، بیروزگاری انتہا کو چھورہی ہے، فیکٹریوں کو تالے لگ گئے، دکانوں سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے، مزدور اپنے مالکان کی منتیں کرنے پرمجبور ہیں۔ سرکاری اسپتالوں سے دوائیاں ناپید ہیں، قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، مریض چلا رہے ہیں، ہماری معاشی ابتری اس دنیا کے سامنے ہے۔ مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر جاوید عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے اجلاس میں 62 سینیٹرز نے شرکت کی۔

تازہ ترین