• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے لیے ٹیکس ریونیو میں اضافہ اشد ضروری، آئی ایم ایف

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے قائم مقام ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے اپنے ٹیکس ریونیو میں اضافہ ناگزیر ہے اور سماجی ترقی کے منصوبوں کے لیے مالی وسائل اسی طرح دستیاب ہو سکتے ہیں۔واشنگٹن سے برطانوی خبررساں ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن نے امریکا کے دورے پر گئے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اتوار اکیس جولائی کو واشنگٹن میں ایک ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان کو اس وقت جتنی ضرورت ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے کی ہے، اسے اتنی ہی ضرورت اس بات کی بھی ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا قرضوں میں کمی بھی لائی جائے۔ اس ملاقات میں دونوں شخصیات نے ان حالیہ اقتصادی ترقیاتی پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن پر پاکستان میں آئی ایم ایف کی مشاورت سے عمل درآمد ہو رہا ہے اور جن کا مقصد پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینا ہے۔ڈیوڈ لپٹن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر بین الاقومی مالیاتی ادارے اسلام آباد حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں جامع معاشی اصلاحات کے ان منصوبوں کو کامیابی سے تکمیل تک پہنچایا جا سکے، جن پر عمل درآمد رکنا نہیں چاہیے۔ دوسری طرف پاکستان میں عمران خان کی حکومت کو ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے اور سرکاری بچتی اقدامات کی وجہ سے بے تحاشا عوامی دباؤ اور عدم اطمینان کا سامنا بھی ہے۔ڈیوڈ لپٹن نے آئی ایم ایف کے جاری کردہ اس بیان میں کہا،میں نے اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنی آمدنی کے لیے ٹیکس ریونیو میں اضافے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اسے اپنے ہاں سماجی بہتری اور ترقیاتی اخراجات کے لیے نہ صرف کافی مالی وسائل میسر آ سکیں بلکہ ساتھ ہی اسلام آباد کے ذمے واجب الادا بیرونی قرضے بھی کم کیے جا سکیں۔

تازہ ترین