اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی نےتمام بینکوں کے سربراہان کو خط لکھ کربے نامی اکاونٹس کی تفصیلات مانگ لیں، چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ بے نامی اکاونٹس پر فراہم کردہ معلومات خفیہ رکھی جائیں گی، چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہےکہ تمام بے نامی اکائونٹس کی تفصیلات 15دن میں فراہم کی جائیں ، بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت بینک اپنے اکائونٹ ہولڈرز کے بے نامی اکائونٹس کی تفصیلات خود طلب کریں۔ ایف بی آر اکائونٹ ہولڈرز سے براہ راست رابطہ نہیں کرنا چاہتا تاکہ لوگوں کا ایف بی آر پر اعتماد قائم رہے۔اس سلسلے میں چیئرمین ایف بی آر نے30 مئی کو بینکوں کے چیف فنانشل افسران سے ملاقات کا حوالہ دیا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام بینک بے نامی اکاونٹس کی تفصیلات خود مرتب کریں گے۔ایف بی آر بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت بے نامی اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ذمہ دار ہے چیئرمین ایف بی آر نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایف بی آر اور بینک مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ بے نامی اکاونٹس کی نشاندہی کیلئے تمام بینکوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔