• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج اصلاح و تربیت’عجز‘ انکساری اور اظہار بندگی کا عظیم ذریعہ ہے، پیرحبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )سجادہ نشین آستانہ عالیہ فیض پور شریف فضیلت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے کہا کہ حج اصلاح وتربیت ، عجزوانکساری اور اظہار بندگی کا ایک عظیم ذریعہ ہے قیادت و منصب کی آرزو اور سیاسی وسماجی مقام سے لا پرواہ ہوکر سادگی وروحانی ،عجزوبے نیازی اور عشق ومحبت کی وارفتگی میں گم ہوجاتا ہے ایک حاجی جب احرام کی دو چادریں پہنتا ہے تو وہ بندگی وسرافند گی کی اس دہلیز پر قدم رکھ دیتا ہے جہاں سے خودی مٹ جاتی ہے اور بے خودی شروع ہو جاتی ہے۔دنیا میں بے شمار اجتماع گاہ ، سیر وسیاحت اور عبادتی مقامات ہیں مگر جو خصوصیت واہمیت ، اور عزت وروحانیت حضرت ابراہیم علیہ السلام کے دست اقدس سے بنے ہوئے حج کعبہ کو حاصل ہے عالمی تہذیبیں اس کی نظیر نہیں پیش کر سکتیں۔ عازمین حج کو ارکان حج کی ادائیگی میں جہاں پروردگار عالم کی رضا وخوشنودی اور آخرت کی لازوال نعمتیں میسر ہوتی ہیں وہیں ایک پرا ثر اور شعور انگیز پیغام بھی ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجامعہ صفتہ السلام بریڈفورڈ میں حج سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عالم اسلام آج جس گرداب میں الجھ گیاہے یہ کسی اور کی مسلط کردہ نہیں امت کے اپنے ہاتھوں کی کمائی ہےاور قرآن و سنت ، اتحاد امت کے اصولوں سے روگردانی کے نتائج ہیں حج کے موقع پر کعبۃ اللہ کے گر د اکٹھے ہونے والے سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے لیے قربانی کرنے والے متوالے فرزندان اسلام اپنی انا ، ضد ، نفرتوں ، تعصبات کے بتوں کو قربان کر دیں تو عالم اسلام بحرانوں سے نجات پا لے گا۔ پیر سید شعیب حسین شاہ نے کہا کہ علماء حق کی زندگیاں حب رسول سے سرشار ہوتی ہیں عہد حاضر میں جب چادر اور چار دیواری کا تصور ختم ہو رہا ہوتو علماء حق پر بے شمار ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ حج شریف پر جانے سے پہلے ان کی صحیح معنوں میں تربیت کریں۔ محقق برطانیہ علامہ ظفر محمود فراشوی نے کہا کہ حج کے عظیم مناسک کے موقع پر اسلامی عظمت و عزت و سربلندی تشخص کا مظاہرہ مسلمانوں کی ہمدلی و ایک دوسرے سے تعاون کے سائے میں ہونا چاہئے۔ حج جانی اور مالی عبادتوں کا مجموعہ ہے ان عبادتوں کو سیر تفریح اور موبائل فون سیلفیوں میں ضائع نہیں کرنا چائیے سیمینار سے مفتی غلام سرور، مفتی محمد اعظم ،علامہ دلشاد حسین قادری ،علامہ صدیق الکوثر ،حافظ طارق محمود ،ربانی مولانا نوید سیالوی، قاری ظہیر اقبال ،مولانا سعید سیالوی ،قاری سمندر ،قاری اعجاز چشتی اور دیگر علما نے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج بیان کیے تقریب کے آخر میں پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے عالم اسلام کی خیر خواہی کے لیے خصوصی دعا کی ۔

تازہ ترین