• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کونسلر قاسم افضل انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ہوگی

مانچسٹر (نمائندگان جنگ) مانچسٹر کی ہردلعزیز شخصیت اور لبرل ڈیمو کریٹ پارٹی کے رہنما چیتھم ہل کے سابق کونسلر قاسم افضل قضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے ہیں۔ وہ کافی عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ قاسم افضل نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز1990ء کی دہائی میں کیا اور لبرل ڈیمو کریٹ پارٹی کی طرف سے چیتھم ہل کے کونسلر منتخب ہوئے۔ انہوں نے لبرل ڈیمو کریٹ پارٹی کے پلیٹ فارم سے کئی مرتبہ یورپی پارلیمنٹ کا انتخاب لڑا، جبکہ انہوں نے برمنگھم اور مانچسٹر کے حلقوں سے برطانوی پارلیمنٹ کا انتخاب بھی لڑا جس میں وہ بہت کم ووٹ سے ہارے۔ قاسم افضل پاکستانی و ایشیائی سیاست کا آغاز کرنے والے اولین پاکستانیوں میں سے تھے جنہوں نے مختلف تنظیموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کو روشناس کروانے، نیز پاکستانیوں کو ووٹ کی اہمیت سمجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے انتقال پر شہر کی فضا سوگوار ہوگئی اور لوگ افسوس کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ نماز جنازہ آج بعد از نماز ظہر خضریٰ مسجد چیتھم ہل میں ادا کی جائے گی۔ دریں اثناء چوہدری شفیق الزمان، نائب صدر مقدسہ بانو، جنرل سیکرٹری لیاقت علی عہد اور ارکان چوہدری پرویز مسیح مٹو، سموئیل جیکب اور دیگر نے ایک تعزیتی پریس نوٹ میں قاسم افضل کی موت پر سخت دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر میں سیاسی معاملات کو دھچکہ لگا ہے۔ سر سنگیت اکیڈمی مانچسٹر کے عہدیداروں سرپرست اعلیٰ محبوب الٰہی بٹ، مقدس مجید، عظیم ملک، طاہر حفیظ، آسیہ ثمن، نغمانہ کنول شیخ، افتخار ڈار، مرزا بیگ، جگتار سنگھ شہری اور دیگر ارکان نے بھی قاسم کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جنت الفردوس میں ان کے لئے بلند درجات کی دعا کی ہے۔دریں اثنا وفات پر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قاسم افضل کے ساتھ برطانیہ میں کام کے دوران انٹر نیشنل معاملات پر کئی بار گفتگو ہوئی، وہ زمانہ کی نبض سمجھنے والے ایک فرض شناس اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے مانچسٹر سٹی کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر رب نواز اکبر نے کہا کہ قاسم افضل نے برطانوی سیاست میں نوجوانوں کیلئے راستے کھولے، فیوچر وژن آف مانچسٹر کے چیئرمین سید سجاد حیدر کاظمی نے کہا کہ مرحوم کی مانچسٹر شہر کیلئے خدمات خراج تحسین کے قابل ہیں جن سے ہم سب استفادہ کررہے ہیں۔ عمر فاروق نے کہا کہ قاسم افضل جیسی شخصیت کا انتقال ایک خلا ہے، جسے پر کرنے کیلئے علم کے دروازوں پر نوجوانوں کو دستک دینا ہوگی۔
تازہ ترین