لاہور(نمائندہ جنگ) آئین پاکستان مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل محافظ ہے، پاکستانی قوم آئین پاکستان کی محافظ ہے، وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے قبل پاکستان کے خلاف بے بنیاد پرو پیگنڈہ پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کو مکمل حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے، یہ بات مختلف مکاتب فکر اور مذاہب کے قائدین کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما ء کونسل و متحدہ علماء بورڈ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، آرچ بشپ سبسٹین شا، پادری احسن،سردار سکندر سنگھ، بھگت لال،مولانا ضیاء الحق نقشبندی، مولانا عبد الرحمن لدھیانوی، مولانا پیر اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمن سعید، علامہ زبیر عابد، مولانا اسلم قادری، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا عبد القیوم فاروقی، مولانا شمس الحق، مولانا عبد الرئوف فاروقی، مولانا ابراہیم حنفی، مولانا زبیر زاہد، مولانا مبشر رحیمی، مولانا عبد الحکیم اطہر، مولانا اسلام الدین اور دیگر نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور مذاہب کی قیادت انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، پاکستان میں دیگر ممالک کی طرح حادثاتی طور پر ہونے والے واقعات کو بنیاد بنا کر مذہبی آزادی نہ ہونے کا پرا پیگنڈہ پاکستان اور اسلام دشمن عناصر کی سازش ہے جسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ آئین پاکستان اور آئین میں موجود اسلامی اور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق دفعات کی پاکستان کی عوام محافظ ہے، کوئی قوت بھی آئین پاکستان میں موجود اسلامی اور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق دفعات کو ختم نہیں کر سکتی۔