• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بقاء مینگل کی لاش ملنا قابل افسوس، لواحقین کو انصاف دیا جائے،بی این پی

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے پشین سے محمد بقاء مینگل کی بوری بندلاش کی برآمدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ قابل افسوس اور دلخراش ہے ایک معذور جو سائنس کالج میں ملازم تھا، قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ لواحقین کو انصاف مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ارکان غلام نبی مری ‘ حاجی عبدالغفور مینگل نے گزشتہ روز شہید محمد بقاء مینگل کے گھر جا کر لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے، ضلعی انتظامیہ پشین اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کے اصل محرکات کو عوام کے سامنے لایا جائے اور ان کرداروں کو بے نقاب کیا جائے جنہوں نے 20دن قبل سائنس کالج کوئٹہ سے 40 سالہ ملازم محمد بقاء مینگل کو ڈرامائی انداز میں اغواء کیا اور بعد میں پشین کے علاقے علی زئی میں ان کی لاش بوری میں بند کر کے سڑک کنارے پھینک دی ۔ جسے تحصیلدار پشین نے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا۔ رہنمائوں نے کہا کہ لواحقین کی تشویش کو دور کرنے اور اصل ملزمان تک پہنچنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، عدلیہ اس واقعے کا از خود نوٹس لے کیونکہ ایسے واقعات کے رونما ہونے سے معاشرہ بے روی ‘ افراتفری ‘ عدم تشدد کی جانب بڑھے گا جو قابل تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کی جان و مال ‘ چادر و چار دیواری کے تقدس کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔
تازہ ترین