• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا لیڈر دیکھا جس نے نہتے کشمیریوں کیلئے آواز اُٹھائی: سید علی گیلانی

ایک طرف پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر کے متعلق بیان پر بھارتی میڈیا پر طوفان مچا ہے تو دوسری طرف بزرگ کشمیری رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نےمسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سید علی گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کو ان الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے کہ میں اپنی زندگی میں پہلا لیڈر دیکھ رہا ہوں جس نے ہم نہتے کشمیریوں کے لیے آواز اُٹھائی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ امریکا کو کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا، ہم امریکا میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے دوران ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے دیرینہ تنازع کو حل کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی کشمیر پر ثالثی سے متعلق مجھ سے بات کر چکے ہیں، مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ افغان مسئلہ ایک ہفتے میں حل کر سکتا ہوں مگر اس کے لیے ایک کروڑ افراد مارنا پڑیں گے، میں ایسا نہیں کرنا چاہتا، پاکستان کبھی جھوٹ نہیں بولتا، وہ افغانستان میں ہماری بہت مدد کر رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کی امداد تب بند ہوئی جب عمران خان وزیر اعظم نہیں تھے، اب عمران خان اقتدار میں ہیں اور انتہائی مقبول وزیر اعظم ہیں، اب پاکستان کی امداد بحال ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں 10 سے 12 گنا اضافہ ہو سکتا ہے، اسلام آباد سے بہتر اقتصادی اور تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور پاکستانی عوام با صلاحیت ہیں، عمران خان نے دعوت دی تو پاکستان کا دورہ کروں گا۔

تازہ ترین