• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وہ زمانہ گیا جب ہیروئنیں ایک دوسرے کے بال نوچتی تھیں‘

پاکستان فلم انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ مایا علی نے کہا ہے کہ وہ زمانہ چلا گیا جب فلموں کی ہیروئنیں ایک دوسرے کے بال نوچتی تھیں، چیختی چلاتی تھیں، اب ماحول بدل گیا ہے۔

جنگ سے بات کرتے ہوئے اداکارہ مایا علی نے کہا کہ عید پر فلموں میں دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ ہم سب ایک دوسرے کی فلم کی کام یابی کے لیے دُعا کررہے ہیں۔ میں ماہرہ خان کی سب سے بڑی فین ہوں۔ اُن کی دل سے عزت کرتی ہوں۔ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ اسکرین شیئرکروں گی۔

مایا علی کا کہنا تھا کہ میں خوش نصیب ہوں کہ پہلی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کی ریلیز سے قبل ہی دوسری بڑی فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوگئی تھی۔ شو بزنس کی وجہ سے میرے والد نے تین برس تک مجھ سے بات چیت نہیں کی تھی لیکن ’من مائل‘ میں میری اداکاری دیکھ کر انہوں نے کہا تھا کہ تم کو اس ڈرامے میں ضرور ایوارڈ ملے گا اور پھر اُن کی دُعا قبول ہوئی اور مجھے لکس اسٹائل ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اپنی پہلی ہی فلم میں لاجواب پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والی مایہ ناز اداکارہ مایا علی نے بتایا کہ ’پرے ہٹ لو‘ عمران اسلم نے لکھی ہے، اس فلم میں عاصم رضا جیسے منجھے ہوئے ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

سینئر اداکارہ میرا جی کے ساتھ ایک گانے میں رقص بھی کیا۔ میرا جی ہماری فلم انڈسٹری کی پہچان ہیں، انہوں نے انڈسٹری کی بہت خدمت کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مایا علی نے بتایا کہ ’ایک نئی سینڈریلا‘ سے مجھے ٹی وی پر پہچان ملی، اس کے بعد ’من مائل اور دیارِ دل‘ بھی بہت مقبول ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہریار منور ایک کامیاب ہدایت کار، پروڈیوسر اور باکمال اداکار ہیں، ان کے ساتھ میری اسکرین کیمسٹری فلم میں بھی دیکھنے کو ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مایا علی نے بتایا کہ ’طیفا ان ٹربل‘ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کے لیے میں بہت پُر اُمید تھی لیکن مجھ سے زیادہ حقدار مہوش حیات تھیں، انہوں نے ’لوڈ ویڈنگ‘ میں لاجواب اداکاری کی تھی۔

مایا علی نے بتایا کہ ایل ایس اے ایوارڈز کی تقریب میں فلم ’دوستی‘ کے سپر ہٹ گانے ’چٹھی ذرا سیاں جی کے نام لکھ دے‘ پر اپنی ٹیم کے ساتھ رقص کیا تو سامنے بیٹھیں شبنم جی نے گلے لگا لیا اور دعائیں دیں اور کہا کہ اسی طرح کام کرتی رہنا بہت جلد فلم انڈسٹری میں نام پیدا کرو گی۔

تازہ ترین