• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی  کے اسپتالوں میں انسدادِ کانگو وائرس کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے کراچی میں عوامی مقامات پر عید کے دوران مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی ) نے اپنے زیرِ انتظام اسپتالوں میں انسداد کانگو وائرس الرٹ جاری کردیا۔

حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے کے لیے طریقہ کار جاری کرتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں بلدیات، پولیس اور تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اداروں کو احکامات جاری کیے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات، پارکوں، گلیوں اور شاہراہوں پر مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد ہوگی جب کہ خرید و فروخت کے لیے منڈی لگانے کے لیے این او سی لینی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صفائی ستھرائی، سیوریج ، پانی، روشنی اور سیکیورٹی کا انتظام لازمی ہے جب کہ منڈی میں جانوروں کے معالج کا ہونا بھی ضروری ہوگا جبکہ دوسری جانب کراچی میٹروپولیٹن کی جانب سے عید الاضحی کی آمد کے پیشِ نظر اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کے ایم سی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کانگو کے مریض کے اسپتال آنے کی صورت میں خصوصی احتیاط برتی جائے، مریض کے لیے اسپتال میں خصوصی وارڈز بنائیں جائیں اور اسپتال میں کانگو وائرس کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے۔

سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ کانگو کا مرض جانوروں سے چپکے کیڑے ٹک چیچڑ سے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔

کانگو کی علامات میں جسم میں شدید درد، آنکھوں کاسرخ ہونا، متلی اور بخار شامل ہیں۔

سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں اور ساتھ ہی دستانے اور ماسک کا بھی استعمال کریں۔ 

تازہ ترین