• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داخلے پر پابندی کے باوجود شاپ لفٹر سپر سٹور سے چوری میں کامیاب

لندن (نیوز ڈیسک) ایک شاپ لفٹر سیرینا فرانسس لیلا ڈائونز نے، جس پر ایسڈا کے کسی بھی سٹور میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے، گزشتہ روز ایک دفعہ پھر سٹور پر دھاوا بولا اور اس مرتبہ 700 پونڈ مالیت کی اشیا، جس میں بچوں کے کھلونے شامل ہیں، چرالیں۔ سیرینا فرانسس لیلا ڈائونز نے چند ماہ قبل ڈربی میں ایسڈا کے ایک سٹور سے ایک ہزارپونڈ مالیت کی گروسری اور بچوں کی خوراک چرالی تھیں، 21سالہ شاپ لفٹر 6جولائی کو جدید ترین انداز میں منظم طریقے سے 743پونڈ مالیت کی اشیا چراتی ہوئی پکڑی گئی تھی، جسے 2دن بعد مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، اس نے کوونٹری سے 3میل کے فاصلے پر واقع والز گریو کے سپر سٹور میں چوری کا اعتراف کیا اور اسے 20ہفتہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ دی سن نے یہ خبر دیتے ہوئے ایک دوسرے اخبار کے حوالے سے لکھا ہے کہ سیرینا کس طرح لف برو میں ایک سٹور سے پوری ٹرالی بھر کر اشیا چرا کر لے جاتے ہوئے پکڑی گئی تھی اور اس نے مارچ اور اپریل کے دوران ڈربی اور ناٹنگھم میں 6چوریوں کا اعتراف کیا تھا۔ عدالت کوبتایا گیا کہ کس طرح وہ اشیا چرا کر سوشل میڈیا پر اپنے دوستوں اور دیگر لوگوں کو فیس بک کے ذریعہ انھیں فروخت کرتی تھی، اس نے تمام چوریوں کا اعتراف کیا لیکن اسے صرف 12ماہ کے کمیونٹی آرڈر، 85پونڈ عدالتی اخراجات اور 85پونڈ وکٹم سرچارج ادا کرنے کی سزا سنائی گئی۔
تازہ ترین