• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیس ٹی وی کو ہم جنس پرستوں کو خنزیروں سے بدتر کہنے پر برطانیہ میں پابندی کا سامنا

لندن (جنگ نیوز)سکائی اسلامک چینل پیس ٹی وی کو یہ کہنے پر کہ ہم جنس پرست افراد خنزیروں سے بدتر ہیں اور جادوگروں کو پھانسی دی جائے برطانیہ میں پابندی کا سامنا ہے۔ برطانوی اخبار میل کے مطابق پیس ٹی وی کو چار پروگرام دکھانے کا مرتکب پایا گیا ہے جو آف کام کے ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔ پروگراموں میں ایک امام شامل ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ ہم جنس پرستی پھیلی ہوئی ہے اور خاندانوں کو خطرہ ہے چینل نے جو سکائی ٹی وی پر دکھایا جاتا ہے کہا ہے کہ پروگرام اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر ہیں۔ پیس ٹی وی دبئی کا چینل ہے اور اسے چار پروگرام دکھانے کا مرتکب پایا گیا ہے جو جرم پر ابھارنے، منافرت کے اظہار اور بدسلوکی کے بارے میں آف کام کے ضابطوں کے منافی ہیں، چینل نے جو سکائی ٹی وی پر دکھایا جاتا ہے اور امریکہ میں بھی نشر ہوتا ہے کہا ہے کہ پروگرام اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر ہیں۔ آف کام اپنے ضابطے کی دفعہ3کے تحت جرم، بدنظمی منافرت اور بدسلوکی کو فروغ دینے والے کسی بھی ٹی وی یا ریڈیو نشریات پر پابندی لگانے کا حق محفوظ رکھتا ہے یہ فیصلہ کرنے کے لئے کہ آیا ضابطے کی خلاف ورزی ہوئی ہے آف کام یہ جائزہ لے گا کہ آیا پروگرام میں آرا کو چیلنج کیا گیا ہے یا اس نے ان کو سرگرمی سے فروغ دیا ہے۔ پیس ٹی وی کے معاملے میں امام قاسم خان کے طویل وعظ دفعہ 3کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ اسکے بانی ذاکر نائیک پر ان کے ناقابل قبول رویے پر 2010ء میں تھریسامے نے برطانیہ داخلے پر پابندی لگادی تھی۔ 44سالہ ذاکر نائیک کو لندن اور شفیلڈ میں لیکچرز کا سلسلہ دینا تھا تاہم تھریسامے نے کہا کہ برطانیہ کا دورہ حق نہیں رعایت ہے۔ وزیرداخلہ ان لوگوں کو برطانیہ میں داخلے سے روک سکتے ہیں اگر ان کو یقین ہوکہ قومی سلامتی عوامی نظم و ضبط یا شہریوں کی حفاظت کو خطرہ لاحق ہے۔
تازہ ترین