• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں پیپلز پارٹی کا جلسہ آج ہوگا، تیاریاں مکمل

برمنگھم (نمائندگان جنگ) مرکزی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری محمد شاہ نواز کی زیر صدارت آج ہونے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ قائدین لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری محمد یٰسین، سابق وزیر افسر شاہد، سابق وزیر میاں عبدالوحید کو پیپلز ہائوس واشو ووڈ ہیتھ روڈ جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حالیہ برطانیہ کی تنظیم کے معرض وجود میں آنے کے بعد سے اب تک پی پی مڈ لینڈ اور پی برمنگھم کے زیراہتمام تقریباً15بڑے جلسے ہوچکے ہیں اور اس بار تعداد اور شرکت کے حوالے سے سابقہ ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ چوہدری شاہ نواز نے مزید کہا کہ برمنگھم پیپلز پارٹی قیوم راجہ کی غیر موجودگی میں قائم مقام صدر پی پی برمنگھم احسان قاضی، جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد عزیز، چوہدری اسمعیل، PYOمڈ لینڈ کے صدر چوہدری غضنفر محمود، ابوبکر اسمعیل، وحید بٹ، راجہ خالد، چوہدری امین ممبر فیڈرل کونسل، ایوب سرکھوی شیخ، اشفاق، رضا گجر سمیت تمام پارٹی رہنمائوں نے دن رات محنت کی ہے۔ پاکستان میں یکطرفہ احتساب، سیاسی انتقام اور پیپلز پارٹی کو کھڈے لائن لگانے کی سازش کو بے نقاب کریں گے۔ P.Y.Oکے نوجوان مرکزی صدر یاسر بلال کی قیادت میں اس جلسے میں شرکت کریں گے تقریب کے آرگنائزر چوہدری شبیر نے کہا ہے کہ برمنگھم میں ہونے والا جلسہ عام نئی تاریخ رقم کرے گا۔ بھرپور شرکت پارٹی قیادت سے اظہار یکجہتی بھی کرے گی، جبکہ مسئلہ کشمیر کے موجودہ حالات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ دریں اثناء پی پی پی ولور ہمپٹن کے صدر خواجہ محمود صابری، سینڈول برانچ کے صدر چوہدری طاہر محمود بلتھوی اور دیگر نے بھی اس جلسے میں بڑے قافلوں کی شکل میں شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جلسہ عام کی نظامت وقار اسلم کیانی کرینگے۔
تازہ ترین