• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کی خاتون ’’Karting‘‘ چیمپین امجاد العمری ان دنوں شمسی توانائی کی گاڑیوں کی ریس کے سلسلے میں دن رات تیاری میں مصروف ہیں۔ یہ ریس رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہو گی۔ عرب میڈیا العربیہ کے مطابق امجادکا کہنا ہے کہ وہ اس منفرد نوعیت کی چیلنج ریس میں شرکت کے لیے بہت پرجوش ہیں اور چھےروز میں آسٹریلیا کو مشرق سے مغرب اور جنوب سے شمال تک عبور کرنا چاہتی ہیں۔

امجاد نے بتایا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ اس چیلنج ریس میں شرکت کرنے والی الفیصل یونیورسٹی کی پہلی اور سعودی عرب کی دوسری ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل کنگ فہد یونیورسٹی فار پٹرولیم کی ٹیم بھی اس چیلنج میں شریک ہو چکی ہے۔امجاد العمری پہلی خاتون ہیں جنہوں نے سعودی عرب میں خواتین کی کارٹنگ ریس جیتی۔ مملکت میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی ریس جدہ شہر میں 30 جولائی 2018 کو منعقد ہوئی تھی۔ امجاد نے 20 حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر وکٹری اسٹینڈ پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

امجاد Saudi Time Attack ریس سمیت کئی مقابلوں میں شرکت کرچکی ہیں۔ مذکورہ ریس کارٹنگ کے مقابلے سے مختلف ہوتی ہے کیوں کہ اس میں استعمال ہونے والی گاڑیاں سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کے زیادہ قریب ہوتی ہیں۔امجاد نے نوجوان لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ کارٹنگ ریس کے میدان میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کار ریس نفسیاتی طور پر انسان کو مضبوط کرتی ہے اور منفی قوت سے چھٹکارے کا احساس پیدا کرتی ہے۔ اس لیے کہ ریس کا ٹریک مقابلے کو تکمیل تک پہنچانے اور اس دوران زندگی کے کسی اور معاملے کو نہ سوچنے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح ارتکاز اور یک سوئی کی صلاحیت کو جلا ملتی ہے۔

امجاد العمری ڈیڑھ سال سے کارٹنگ ریس کے کھیل میں حصہ لے رہی ہیں۔ اس کا آغاز انہوں نے اپنی یونیورسٹی کے اندر ہونے والی ریسوں سے کیا۔ امجاد کا خواب ہے کہ وہ فارمولا ریس میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے تک وہ مسلسل کوشش میں رہیں گی۔امجاد نے خود کو فارمولا ریس میں شرکت کرنے کے خواب تک محدود نہیں رکھا بلکہ یونیورسٹی میں آٹوموبائل میکانکس کی تعلیم حاصل کرنے والی سعودی خاتون نے اپنی ساتھی طالبات کی معاونت سے چھوٹے حجم کی ایک فارمولا اسٹوڈنٹ کار بھی تیار کر لی۔ امجاد جاپان اور برطانیہ میں ہونے والے مقابلوں میں اسی کار کے ساتھ شریک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔اس کے علاوہ امجاد ایک اور کار Fuller Challenge تیار کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں۔ یہ کار شمسی توانائی سے کام کرے گی۔

تازہ ترین