• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز پاکستانی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں


چودھری طارق سبحانی کاتقریب میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب

مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سیالکوٹ کے ضلعی صدرچودھری طارق سبحانی کے اعزاز میں مسلم لیگ(ن) جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے گزشتہ دنوں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں مسلم لیگ(ن) جاپان کے صدر ملک نور محمد اعوان ، مسلم لیگ(ن) جاپان کے جنرل سیکریٹری شمس بٹ ، سینئر نائب صدر منظور مغل ، فنانس سیکریٹری قمر سوزوکی ،کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید ، ہم خیال گروپ کے ملک سلیم بوئیکی ، معروف شاعر چوہدری فواد ،معروف کاروباری شخصیت حافظ شاہد ،ن لیگ کے انفارمیشن سیکریٹری اختر ناہید ، ن لیگ ٹوکیو کے صدر شیخ ذوالفقار ، ن لیگ یوتھ ونگ کے رہنما طارق کمبوہ ، یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر ملک ارشد سمیت بڑی تعداد میں رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی ۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے جاپان میں موجود مسلم لیگ (ن) ضلع سیالکوٹ کے صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور حکومت میں ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا ۔

مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار سے قبل ملک کے حالات انتہائی ابتر اور تباہی کا شکار تھے ۔ معیشت کمزور ترہو چکی تھی اور بجلی 24گھنٹوں میں صرف4گھنٹے عوام کی دسترس میں تھی اور انڈسٹری تباہی کا شکار ہونے کے باعث صنعت کے لئے مشکلات پیدا ہو چکی تھیں لیکن سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقتدار میں آتے ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالتے ہوئے پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا اور مسلسل بجلی کی قیمتوں میں کمی کی او ر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ میگا منصوبے مکمل کئے، جس میں میٹرو، موٹر وے ، سی پیک ، اقتصادی راہداری منصوبہ ، سڑکوں کی پختہ تعمیر ، اسپتالوں کی حالت میں بہتری ، مزید اسپتالوں کا قیام اور درجنوں عوامی خدمت کے منصوبے شروع کئے گئے، جن پر آج موجودہ ناکام حکومت اپنے ناموں کی تختیاں لگا رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے بجلی کے لئے بجلی گھروں کی تعمیر کی اور بجلی کی پیداوار کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے اور بےشتر بجلی گھر بجلی کی پیداوار میں آج کام کر رہے ہیں لیکن چند بجلی گھر موجودہ نا اہل حکومت کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں ۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بجلی مہنگی کرنا شروع کر دی تھی اور تمام اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا گیا ہے ۔ حکومت نے ٹیکسوں کی بھرمار اور لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر کے غریب عوام کو زندہ درگو کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے ۔حکومت کی کارکردگی صفر ہے ۔ عوام نیا پاکستان مسترد کر کے پرانا پاکستان مانگ رہے ہیں۔انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم مستحق ، نادار اور ضرورت مندوں کی ضروریات کا خیال حسب روایت رکھنا چاہےے بلاشبہ اوور سیز پاکستانی اپنی عوام کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور اس کارخیر میں مزید کام کرنا ہو گا تا کہ پاکستانی عوام کی بھی مدد ہو سکے ۔

اس موقعے پر تقریب کے میزبان ملک محمد یونس نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ایک باوقار اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے جس نے پاکستان کو مسائل کے بھنور سے نکال کر تعمیر و ترقی کی طرف گامزن کیا ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کے خلاف انتقامی کارروائی صرف محب وطن قیادت کو دی جا رہی ہے ۔ حکومت کے پاس عوام کی خدمت کا کوئی پروگرام نہیں بلکہ لوٹ مار اور کرپشن کی بھرمار نظر آرہی ہے ۔ اداروں میں کرپشن عروج پکڑ چکی ہے اور حکومت نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔ ان حالات میں میاں محمد نواز شریف کی رہائی انتہائی ضروری ہے ۔ تقریب میں دیگر لیگی رہنماؤں اور عہدیداران نے بھی خطاب کیا ۔ یاد رہے کہ چودھری طارق سبحانی کا شمار سیالکوٹ کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے ۔ چودھری طارق سبحانی شیر پنجاب اور سابق وزیر چودھر ی اختر علی وریو کے صاحبزادے اور سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی چودھری خوش اختر سبحانی کے چھوٹے بھائی ہیں ۔

سابق وزیر اعظم میاں محمد نوا ز شریف نے چودھری اختر علی وریو مرحوم کو کنگ میکر اور شیر پنجاب کا لقب دیا تھا اور ان کی فہم و فراست کی وجہ سے ہی چودھری اختر علی وریو دو مرتبہ چیئرمین ضلع کونسل اور وزیر بھی رہ چکے ہیں ۔جبکہ جاپان میں مقیم مسلم لیگ(ن) کے سےنئر نائب صدر ملک محمد یونس کا شمار بھی معروف سماجی شخصیات میں ہوتا ہے ۔ ملک محمد یونس ہر سال مستحق اور بے سہارا بچیوں کی شادیاں کر کے انہیں ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کرتے ہیں اور حالیہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مہم میں دو بڑے پلانٹس عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے لگا چکے ہیں۔ 

تازہ ترین