• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آکسفورڈ سے تعلیم حاصل کرنے والے سیاستدان

برطانیہ کی ’آکسفورڈ یونیورسٹی‘ دنیا کی معروف اور نامور یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے، دنیا کی مشہور شخصیات نے یہاں سے تعلیم حاصل کی ہے جو اس یونیورسٹی کی انفرادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اسٹیفن ہاکنگ، بل کلنٹن، ٹونی بلیئر اور روان ایٹکنسن جیسی مشہور شخصیات نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر کے خود کو پوری دنیا کے سامنے منوایا ہے تاہم کچھ پاکستانی سیاستدان بھی ہیں جنہوں نے اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے جن میں مندرجہ ذیل افراد شامل ہیں۔

بینظیر بھٹو:

بینظیر بھٹو پاکستان کی تاریخ میں وہ واحد خاتون ہیں جو پاکستان کی وزیراعظم بنیں، انہوں نے لیڈی مارگریٹ ہال اور سینٹ کیتھرین کالج سےفلسفہ، سیاست اور اقتصادیات کا مطالعہ کیا اور پھر آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور ساتھ ہی ’آکسفورڈ یونین ڈیبیٹنگ سوسائٹی‘ کا حصہ بھی رہیں۔

بینظیر بھٹو دو بار پاکستان کی وزیراعظم منتخب ہوئیں، پہلی مرتبہ 1988 اور دوسری مرتبہ 1993 میں۔

عمران خان:

وزیراعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 1972ء میں کیبل کالج، آکسفورڈ میں داخلہ لیا، جہاں سے انہوں نے فلسفہ، اقتصادیات اور سیاست کا مطالعہ کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو:

ذوالفقار علی بھٹو ، جنہوں نے 1971 سے 1973 تک پاکستان میں بطورِ صدر خدمات سرانجام دیں اور 1973 سے 1977 کے عرصے میں پاکستان کے وزیراعظم بھی رہے۔

ذوالفقار علی بھٹو نے کیلیفورنیا اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔

بلاول بھٹو زرداری:

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے نانا (ذولفقار علی بھٹو) اور والدہ (بینظیر بھٹو) کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے کرائسٹ چرچ کالج سے تعلیم حاصل کی۔

بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ کی طرح ’آکسفورڈ یونین ڈیبیٹنگ سوسائٹی‘ کا حصہ تھے۔

لیاقت علی خان:

لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم تھے، 1919 میں والد کے انتقال کے بعد لیاقت علی خان کو برطانوی حکومت کی طرف سے اعزاز کے طور پر ایوارڈ اور اسکولرشپ دی گئی ، جس کے ذریعے وہ اعلٰی تعلیم کے لیے انگلینڈ گئے اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔

وسیم سجاد:

وسیم سجاد جوکہ صرف ایک سال (1997-1998) کے لیے پاکستان کے صدر بنے تھے، انہوں نے بھی 1967 میں اپنی اعلیٰ تعلیم آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔

کامیابی کے لیے ضروری نہیں ہے کہ کسی نامور ادارے سے تعلیم حاصل کی جائے یہ کامیاب شخصیات اُن طالبِ علموں کے لیے مثال ہیں جو کامیابی کی منزل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

تازہ ترین