• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں کیلئے آن لائن رشتہ تلاش کرنے کی سہولت


آج کے اس جدید دور میں مناسب رشتہ تلاش کرنا مشکل کام بن گیا ہے، بیرونِ ملک مقیم ایک پاکستانی خاتون نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتےہوئےاس مسئلے کا حل نکال لیا۔

اریبہ عارف نامی پاکستانی نے فیس بُک پر ’اسکپ دی رشتہ آنٹی ‘ کے نام سے ایک گروپ بنایا ہے، جس کی  ایڈمن اریبہ خود ہیں اور ان کے ساتھ پوری ٹیم بھی ہے جو اس گروپ کو چلانے میں ان کی مدد کرتی ہے۔

اریبہ عار ف نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک ’کلوز گروپ‘ ہے، جس میں شامل ہونے کے لیے کچھ مراحل سے گزرنا لازمی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے گروپ میں شامل ہونے کے لیے درخواست (Request) بھیجنی ہوتی ہے، پھر اس کے بعد میں اور میرے ٹیم ممبرز درخواست بھیجنے والے کی پروفائل کی جانج پڑتال کرتے ہیں، جس میں ہم اس کا مکمل بایئو ڈیٹا  جیسے عُمر ، رہائش، تعلیم، کاروبار وغیرہ دیکھتے ہیں۔

اس کے بعد ایک سوال نامہ پُر (Fill) کرواتے ہیں، اگر ہم ان کے جواب سے مطمئن ہوتے ہیں تو پھر اس شخص کو گروپ کا فرد بنا لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گروپ میں شامل ہونے کے بعد ہر ایک ممبر اپنی پروفائل گروپ میں شئیر کرتا ہے، پھر اگرکسی شخص کو گروپ کے کسی بھی ممبر کی پروفائل پسند آتی ہے تو وہ اس کی پروفائل پر (Interested) کاکمنٹ کر کے دلچسپی ظاہر کرتا ہے اور پھر اگر دوسری جانب سے بھی دلچسپی ظاہر ہو جائے تو پھر ہم رشتے کی بات کو آگے بڑھاتے ہیں۔

اریبہ نے کہا کہ میں اس گروپ سے ہر پاکستانی کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہوں، اس لیے یہ گروپ ہر پاکستانی کے لیے ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔

تازہ ترین