• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل چیلنج کپ فٹبال: حبیب الرحمٰن کا گول، سدرن گیس سیمی فائنل میں

حبیب الرحمٰن کے فیصلہ کن گول کی بدولت سدرن گیس کمپنی نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 1-0 کی شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

سوئی سدرن گیس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جمعرات کو پاکستان واپڈا سے مقابلہ کرے گی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور کے پی فٹبال ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر جاری ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل کے میں زاہد ندیم، ٹاؤن ناظم پشاور مہمان خصوصی تھے جن کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔

اس موقع پر سید ظاہر علی شاہ، باسط کمال، رؤف باری، قاضی آصف و دیگر بھی موجود تھے۔

سدرن گیس کمپنی کی ٹیم تجربہ کار جبکہ سول ایویشن کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور برتری کے حصول کیلئے ایک دوسرے کے گول پر تسلسل کے ساتھ حملہ آور ہوتے رہے لیکن کامیابی پہلے سدرن گیس کو حاصل ہوئی جب 34ویں منٹ میں انٹرنیشنل اسٹرائیکر حبیب الرحمٰن نے انتہائی مہارت کے ساتھ گیند کو جال کے حوالے کرکے اپنی ٹیم کو 0-1سے آگے کردیا۔

وقفہ پر سول ایویشن اتھارٹی 0-1 کے خسارے میں تھی۔ وقفہ کے بعد بھی کھیل کی رفتار میں کوئی کمی نہ آئی لیکن دونوں ٹیموں کے گول کیپرز انٹرنیشنل ثاقب حنیف اور محمدسمیر نے انتہائی جانفشانی اور مہارت سے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو گیند جال میں پھینکنے سے روکے رکھا۔

انجری ٹائم میں سول ایوی ایشن کو میچ برابر کرنے کا ایک سنہرا موقع ملا لیکن اسٹرائیکر محمد وحید کی کک سائیڈ بار سے ٹکراتی ہوئی باہر چلی گئی۔

فائنل وسل پر حبیب الرحمٰن کا کیا ہوا گول سول ایوی ایشن کو ایونٹ سے باہرکرنے کا پروانہ ثابت ہوا۔

فیفا ریفری ارشاد الحق کے معاونین شوکت حسین، علاء الدین، ذیشان خان، ریفریز ایسیسر امتیاز علی شاہ اور میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔

تازہ ترین