شبانہ خان،لاہور
عیدالاضحی کے موقعے پر قربانی چاہےگائے،بکرے، دنبے یا پھر اُونٹ کی کریں،دسترخوان کی شان گوشت ہی کے مختلف پکوان بڑھاتے ہیں۔ تو لیجیے، اسی مناسبت سے چند تیکھے، نمکین اور چٹ پٹے کھانوں کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔
کلیجی کڑاہی
اجزاء: کلیجی ایک کلو،ٹماٹر (باریک کاٹ لیں)تین عدد،پیاز (باریک کاٹ لیں)دوعدد،ہری مرچیں (کاٹ لیں)چار عدد،ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو کھانےکے چمچ،دہی(پھینٹ لیں) چار کھانے کے چمچ،ثابت سفید زیرہ (بھون کر کوٹ لیں)دو چائے کے چمچ،لال مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ،نمک حسبِ منشاء، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ،میتھی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ ،ہرا دھنیا آدھی گڈی اور تیل آدھا کپ۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز ہلکے براؤن کرلیں اور اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ پھر کلیجی ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور ڈھکن ڈھک کر پکنے دیں، یہاں تک کہ کلیجی کا پانی خشک ہوجائے۔ اب ٹماٹر، دہی، لال مرچ پاؤڈر، نمک، سفید زیرہ اور ثابت ہری مرچیں شامل کرکے بھون لیں۔ آخر میں گرم مسالا، ہرا دھنیا اور سوکھی میتھی چھڑک کر دَم دے دیں۔
پاستا کوفتے
اجزاء:پاستا( اُبال لیں)ایک چھوٹا پیکٹ، تیل حسبِ ضرورت۔
کوفتوں کے لیے:گائے کا قیمہ آدھا کلو،پیاز(باریک کٹی ہوئی)ایک عدد، انڈے دو عدد،ڈبل روٹی کا چُورا چار کھانے کے چمچ،پارسلے یا ہرا دھنیا(کتر لیں)چار کھانے کے چمچ اور جائفل آدھا چائے کا چمچ۔تمام مسالے قیمے میں مکس کرکے دو گھنٹے کے لیے رکھ کے اس کےکوفتے بنالیں۔
ٹماٹو ساس کے لیے:تیل ایک کھانے کا چمچ،پیاز(باریک کتری ہوئی) ایک عدد، اورٹماٹر (چھلکا اُتار کر کاٹ لیں) آدھا کلو ۔
ترکیب:پہلے کوفتےفرائی کرکے الگ رکھ دیں۔ پھر ٹماٹو ساس تیار کرنے کے لیے ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں اور ٹماٹر ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب پانی خشک ہوکر ٹماٹر یک جان ہوجائیں، تو اس آمیزے میں کوفتے شامل کر کے ہلکی آنچ ہلکی پرپکنے دیں۔ پھر ایک بڑے باؤل میں پہلے پاستا ڈال کر اس کے اوپر کوفتے بمع مسالا ڈال دیں۔
دم پخت بریانی
اجزاء:گائے کا گوشت ایک کلو، چاول(پکانے سے گھنٹہ قبل بھگو دیں)ایک کلو، پیاز(لچھّے کاٹ لیں)چار عدد ،ادرک دو انچ کا ٹکڑا، ثابت سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، بڑی الائچی دو عدد، لونگ چھے عدد، دہی آدھا کلو، زعفران آدھا چائے کا چمچ اور تیل آدھی پیالی۔
ترکیب:پیاز اور ادرک پیس لیں۔ پھر دہی میں آدھی زعفران، سفید زیرہ اور الائچی پیس کر پھینٹ لیں۔ اب ایک بڑے باؤل میں گوشت، پیاز، ادرک کا پیسٹ،باقی زعفران اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریںاور دہی والا آمیزہ شامل کرکے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں، دیگچی میں تھوڑا سا تیل گرم کریں اور لونگ کڑکڑا کرچاول ڈال دیں۔ اس کے اوپر گوشت بمع مسالا ڈال کر دیگچی کا ڈھکن ڈھک کر اس پر کوئی وزنی شے رکھ دیں، تاکہ بھاپ باہر نہ نکلے۔ آنچ ہلکی کردیں۔ جب مسالے کا پانی خشک ہوجائے، تو اوپر سے تھوڑا سا تیل ڈال کر مزید آنچ ہلکی کرکے دَم دے دیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد چولھا بند کردیں۔ لیجیے، مزےدار دَم پخت بریانی تیار ہے۔سلاد اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔
پائے
اجزاء:بکرے کے بُھنے ہوئے پائے آٹھ عدد،پیاز دو عدد، لہسن بارہ جوے،نمک حسبِ ذائقہ،سُرخ مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ ،سفیدزیرہ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ ،دھنیا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ ،گرم مسالا دو کھانے کے چمچ ،تیز پات دوپتّے، لونگ چارعدد ،دار چینی دوعدد اور تیل حسب ِضرورت۔
ترکیب:پائے گرم پانی سے اچھی طرح دھولیں۔ پھر ایک پتیلی میں پانی لےکر اس میں نمک اور لہسن کے چھےجوے ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران باقی لہسن موٹا پیس لیں۔ پھر پین میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں اور لہسن سمیت تمام اجزاء ڈال کر دو منٹ کے لیے بھون لیں۔ جب پائے گل جائیں، تو انہیں یخنی سے نکال کر پیاز والے مسالے میں ڈال کر بھونیں اور یخنی شامل کرکے حسبِ منشاء شوربا تیار کرلیں۔بَھرپور سواد کے لیے پائے جتنی دیر دَم پر رہیں گے، اُتنے ہی مزے دار بنیں گے۔
مٹن مینچورین
اجزاء:بون لیس مٹن( بوٹیاں کیوبز میں ہوں)آدھا کلو، کچری پاؤڈر (Kachri Powder)ایک کھانے کا چمچ،انڈا(پھینٹ لیں)ایک عدد،نمک حسبِ ذائقہ،کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،کارن فلوردو کھانے کے چمچ، میدہ تین کھانے کے چمچ،کھانے کا تیل دو کھانے کے چمچ،ادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ اورسویا ساس ایک چائے کا چمچ۔ایک باؤل میں گوشت سمیت تمام اجزاء مکس کرکے دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
منچورین ساس کے لیے:تیل پانچ کھانے کے چمچ،لہسن(چوپ کرلیں)ایک کھانے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ،وورسٹرشائرساس ایک چائے کا چمچ،سویا ساس ایک کھانے کا چمچ،ٹماٹو کیچپ پانچ کھانے کے چمچ، چِلی گارلک ساس پانچ کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ضرورت،کالی مرچ پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ اورکارن فلور(آدھا کپ پانی میں گھول لیں)ایک کھانے کا چمچ۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے میری نیٹڈ مٹن درمیانی آنچ پر فرائی کرلیں۔اب مینچورین بنانے کے لیے پہلے ایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں لہسن ڈال کر ہلکا سا براؤن کرلیں۔اس میں لال مرچ، کالی مرچ، لیموں کا رس، سویا سا س اور وورسٹر شائرساس ڈال کر ایک منٹ تک پکائیں، پھر باقی اجزاء شامل کرکےپانچ منٹ تک پکنے دیں۔بعد ازاں، فرائی مٹن ڈال کر چمچ چلاتے ہوئے کارن فلور کا آمیزہ شامل کردیں اور کچھ دیر پکا کر چولھا بند کریں۔