• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،ڈیل اسٹین کا شمار جدید دور کے عظیم فاسٹ بولرز میں کیا جاتا ہے۔


ڈیل اسٹین نے کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مختصر فارمیٹ میں اپنے کیریئر کو طول دینے کے لئے کیا ہے۔

اسٹین نے 2004ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور آخری ٹیسٹ رواں سال فروری میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اورکرکٹ کی تاریخ کے ٹاپ ٹین بولرز میں سے ایک ہیں۔

ڈیل اسٹین کا کہنا ہے کہ ’’میری رائے میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا بہترین ورژن ہے، جو آپ کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی صلاحیتوں کو آزماتا ہے،کبھی کوئی ٹیسٹ نہ کھیلنے کا تصور بھی بہت مشکل ہے لیکن دوبارہ کبھی نہ کھیل پانے کی سوچ اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے لہٰذا اپنے باقی کیریئر میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 پر فوکس کروں گا۔

کرکٹ ساؤتھ افریقا کے چیف ایگزیکٹو تھبنگ موروئے نے ڈیل اسٹین کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ وہ کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ہیں۔

ڈیل اسٹین نے 93ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی اور 22اعشاریہ 95کی اوسط سے 439وکٹیں حاصل کیں، ایک اننگز میں اُن کی بہترین بولنگ 51رنز کے عوض 7وکٹیں ہے جبکہ کسی بھی میچ میں ان کی عمدہ بولنگ 60رنز دے کر 11وکٹیں ہے۔

انہوں نے کسی بھی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں پانچ مرتبہ جبکہ 20 بار 5 وکٹیں لیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین