• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎امریکا میں فروغ اردو اور تہذیب و ثقافت کی نمائندہ تنظیم النور انٹرنیشنل (ڈیلس) کی جانب سے شاندار عالمی مشاعرے کا انعقاد ہوا۔

مشاعرہ فن ایشیا ریچڈسن ڈیلس کے خوبصورت ہال میں منعقد ہوا، جہاں دنیائے اردو سے تعلق رکھنے والے عالمی شعراء کے ساتھ ڈیلس کے میزبان شعراء نے بھی اپنا کلام سنایا۔

النور انٹرنیشنل نے اس تقریب کو ”جشن ِ شعرائے ڈیلس“ کے نام سے منسوب کیا، جہاں نہ صرف مقامی شعراء نے اپنا کلام پیش کیا بلکہ ڈیلس کے تمام شعراء کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

بیرونی شعراء میں (بھارت سے) لتا حیا ،(پاکستان سے) عباس تابش، رحمٰن فارس، شکیل جاذب، (نیویارک سے) خالدعرفان، پروفیسر حماد خان اور (ہیوسٹن سے) عقیل اشرف نے اپنا کلام سنایا۔ مشاعرے میں ترنم اور تحت اللفظ میں جذباتی، رومانی، سماجی اور طنزو مزاح سے بھرپور شاعری سے سامعین نے لطف اٹھا یا اور محظوظ ہوئے۔

مشاعرے کی صدارت دنیا ئے اردو کی معروف شخصیت، شاعر، ادیب اور پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق پروڈیوسر اقبال حیدر نے کی۔ جب کہ اسلامک ایسوسی ایشن امریکا کے سابق صدر اور معروف کمیونٹی رہنما اظہر عزیز مہمان خصوصی تھے۔ معروف شاعرہ اور ایک کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر شمسہ قریشی نے مشاعرے کے انعقاد کے سلسلے میں بھرپور تعاون فرمایا اور اسٹیج پر موجود رہ کر تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔

ڈیلس میں مقیم ریڈیو، ٹی وی کی خوبصورت شخصیت شازیہ خان نے دل آویز انداز میں مشاعرے کو آگے بڑھایا۔جب کہ دوسرے دور میں مشاعرے کی میزبانی ڈاکٹر نور امروہوی نے کی۔

النور انٹرنیشنل (ڈیلس) کے زیراہتمام ہونے والے مشاعرے اس اعتبار سے بھی منفرد ہوتے ہیں کہ ان کے انتظام میں حاضرین کی دلچسپی کا خاص طور سے خیال رکھاجاتا ہے۔ اس سال بھی ایک”لکڑی کی توپ“ کے ذریعہ شاعروں اور مہمانوں پر گل پاشی کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی میزبان اور مہمان شعرائے کرام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ہر شاعر کو ان کی تصویر، دیدہ زیب فریم اور ان کے ایک شعر کی مصوری کے ساتھ پیش کی گئی۔ جبکہ ڈیلس کے صحافی راجہ زاہد اختر خانزادہ کو بھی انکی صحافتی خدمات پر پورٹریٹ دی گئی۔

ڈیلس کے میزبان شعراء میں آصف نتھانی، اعجاز شیخ، پرومود راجپوت، فرحان سید، ناہید شاد، زہرہ چشتی، ڈاکٹر شمسہ قریشی، ڈاکٹر عامر سلیمان، سعید قریشی، مسعود قاضی، یونس اعجازاور صدر مشاعرہ اقبال حیدر کے ساتھ میزبان مشاعرہ ڈاکٹرنور امروہوی نے بھی اپنا کلام سنایا۔

حاضرین کا کہنا تھا کہ مشاعرہ اپنی کامیابی، انفرادیت اور ثقافتی اقدار کے حوالے سے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

آخر میں حاضرین نے مشاعرے کے آرگنائزر ڈاکٹر نور امروہوی، ڈاکٹرشمسہ قریشی، شوکت محمد اور عرفان علی کو مبارک باد پیش کی، جن کی شبانہ روز محنت سے مشاعروں اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعہ امریکا میں اردو کی خدمت کا چراغ روشن ہے۔

تازہ ترین