• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


مون سون سسٹم کے اثرات کراچی میں بھی نظر آنا شروع ہو گئے، بوندا باندی کا آغاز ہو گیا ہے، جس سے شہر کا موسم خوش گوار ہو گیا، البتہ شہر میں کل صبح گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں کل صبح گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی تیز بارش کا سلسلہ عید کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں ہے، ہوا کا یہ کم دباؤ وسطی بھارت کے قریب مدھیہ پردیش میں موجود ہے۔

ہوا کا یہ کم دباؤ آج رات گئے تک مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد کراچی میں آج رات معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ اس سسٹم کے تحت شہرِ قائد میں ہفتے کی صبح گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے جس کا سلسلہ عید کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہر قائد کا آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جنوب مغربی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ہے جس کےبعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارشوں کا یہ سلسلہ عید کے پہلے روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

ادھر وادیٔ کوئٹہ و گرد و نواح میں مطلع ابر آلود ہے، ہلکی پھوار پڑنے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

آج صبح ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت کے مطابق وادیٔ کوئٹہ میں 36، قلات میں 35، بار کھان میں33 اور تربت میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارکھان میں 6، سبی میں3، ژوب میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

تازہ ترین