• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ ِعالم اور تاریخ ِ مذاہب کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ انسانی تاریخ جتنی قدیم ہے، قربانی کی تاریخ بھی تقریباً اتنی ہی قدیم ہے، انسانی تاریخ میں سب سے پہلی قربانی آدم علیہ والسلام کے دو بیٹوں ہابیل اور قابل کی قربانی ہے، قرآن کریم نے اس قربانی کو اس طرح ذکر کیا۔ترجمہ: اور انہیں آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کا قصہ بھی ٹھیک ٹھیک سنا دیجئے جب ان دونوں نے قربانی کی تو ایک کی قربانی قبول ہوئی اور دوسرے کی قبول نہیں ہوئی۔ (سورۃ المائدہ)

دراصل ایک نے جس کا نام ہابیل تھا، دل کی آمادگی سے اللہ کی رضا کی خاطر بہترین دنبے کی قربانی پیش کی اور دوسرے نے جس کا نام قابیل تھا ،بے دلی سے نا کارہ غلے کا ایک ڈھیر پیش کردیا۔ ہابیل کی قربانی کو آسمانی آگ نے جلاڈالا اور یہ مقبولیت کی علامت تھی۔یہ تو انسان کی پہلی قربانی تھی،لیکن ہم جو ہر عیدقرباں پر جانوروں کی قربانی کرتے ہیں، یہ حضرت ابراہیم و اسمٰعیل علیہما السلام کی قربانی کی یاد گار ہے۔ جس کی تفصیل یہ ہے۔ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ الصلوٰۃ والسلام جلیل القدر نبی و پیغمبر ہیں۔ اولاد آدم کی سب سے عظیم قربانی سیدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خواب میں دیکھا تھا کہ میں اپنے بیٹےاسماعیل ؑکو ذبح کر رہا ہوں۔ نبیوں کا خواب سچا اور اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہوتا تھا، چناںچہ صبح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام سے فرمایا: بیٹے میں نے ایک خواب دیکھا ہے جس میں میں اپنے ہاتھ سے تجھے بحکمِ الٰہی ذبح کررہا ہوں۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے اس قربانی کا ان الفاظ میں ذکر فرمایا ہے۔ ترجمہ: اے میرے بیٹے میں دیکھتا ہوں خواب میں کہ میں آپ کو ذبح کرتا ہوں پس بیٹا آپ کی کیا رائے ہے؟ بیٹے نے کیا ہی خوب جواب دیا۔ ابا جان، آپ کو جو حکم ہوا ہے، اس پر عمل کر گزریے، آپ مجھے انشاء اللہ صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔((سورۃ الصافات)

چناںچہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو مکہ مکرمہ سے لے کر چلے اور منیٰ میں ذبح کرنے کی نیت سے ایک چھری ساتھ لی، جب منیٰ میں داخل ہونے لگے، آپؑ کے بیٹے کو شیطان بہکانے لگا حضرت ابراہیم علیہ السلام کو پتہ چلا تو شیطان کو ’’اللہ اکبر‘‘ کہہ کر سات کنکریاں ماریں جس کی وجہ سے وہ زمین میں دھنس گیا دونوں باپ بیٹے آگے بڑھے تو پھر زمین نے اسے چھوڑ دیا کچھ دور جاکر شیطان پھر بہکانے لگا تو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے پھر اسے’’ اللہ اکبر‘‘ کہہ کر سات کنکریاں ماریں وہ پھر زمین میں دھنس گیا، یہ دونوں آگے بڑھے زمین نے اسے چھوڑ دیا تو یہ شیطان پھر سے ورغلانے لگا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے پھر اسے ’’اللہ اکبر‘‘ کہہ کر سات کنکریاں ماریں پھر وہ زمین میں دھنس گیا اس کے بعد آگے بڑھ کر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو پیشانی کی بل لٹادیا۔

ایک بزرگ نے فرمایا تیسری دفعہ شیطان عورت کی شکل میں حضرت ہاجرہؑ کے پاس آیا اور کہا تمہیں معلوم ہے یہ اسماعیل کو کہاں لے کر گئے ہیں؟ حضرت ہاجرہؑ نے فرمایا: حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے دوست سے ملنے گئے ہیں؟ تو شیطان نے کہا وہ تو اسے ذبح کرنے لے گئے ہیں۔ حضرت ہاجرہؑ نے فرمایا: ایسا نہیں ہو سکتا تو شیطان خبیث کے منہ سے نکل گیا ،اللہ کا حکم ہے۔ حضرت ہاجرہؑ کا جواب یہ تھا: اگر اللہ نے حکم دیا ہے تو ایک اسماعیل کیا سو اسماعیل بھی قربان ہیں۔ اس کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو پیشانی کے بل لٹا دیا، ابھی ذبح کرنے نہ پائے تھے کہ آسمان سے ندا آئی ’’یا ابراہیم قد صدّقت الرُّؤیا‘‘۔ یعنی اے ابراہیم تم نے اپنا خواب سچا کر دکھایا، پھر اللہ نے ایک مینڈھا بھیجا جسے اپنے بیٹے کی جانب سے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ذبح کردیا۔ ذبح تو کیا مینڈھا اور ثواب مل گیا بیٹے کی قربانی کا۔

اسی قربانی کی یادگار میں اہلِ ایمان ہر سال جانوروں کے قربانی کرتے ہیں۔ حج کے موقع پر جو کنکریاں ماری جاتی ہیں، ان کی ابتدا بھی اسی واقعے سے ہوتی ہے ،حجاج ان ہی تین جگہوں پر کنکریاں مارتے ہیں ،جہاں شیطان زمین میں دھنس گیا تھا، اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے جانوروں کی قربانی کرنا عبادت میں شمار ہوگیا۔ چناںچہ حضرت محمدﷺ کی امت کے لیے بھی قربانی مشروع کی گئی، ہر صاحب حیثیت پر قربانی واجب ہے اور اگر کسی کی اتنی حیثیت نہ ہو اوروہ قربانی کردے ،تب بھی عظیم ثواب کا مستحق ہوگا۔

قربانی کی فضیلت و اہمیت:۔حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے فرمایا کہ رسول اکر م ﷺ نے مدینہ منورہ میں دس سال قیام فرمایا اور ہر سال پابندی سے قربانی فرماتے تھے۔(مشکوٰۃ)

حضرت عائشہ صدیقہؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدسﷺ نے فرمایا: بقرعید کے دن قربانی کا خون بہانے سے بڑھ کر کوئی عمل اللہ کے نزدیک محبوب نہیں ہے اور بلاشبہ قربانی کرنے ولا قیامت کے دن اپنی قربانی کے سینگوں، بالوں اور کھروں کو لے کر آئے گا (یعنی یہ حقیر اشیاء بھی اپنے وزن اور تعداد کے اعتبار سے ثواب میں اضافہ ور اضافہ کا سبب بنیں گی اور (یہ بھی) فرمایا کہ بلاشبہ قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے نزدیک درجہ قبولیت حاصل کرلیتا ہے ،لہٰذا خوب خوش دلی سے قربانی کرو۔ (مشکوٰۃ)

حضرت زیدبن ارقمؓ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے صحابہ نے عرض کیا کہ یا رسولﷺ یہ قربانیاں کیا ہیں؟آپﷺ نے ارشاد فرمایا: یہ تمہارے والد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، صحابہؓ نے عرض کیا، ہمارے لیے اس میں کیا ثواب اور اجر ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا : ہر بال کے بدلے ایک نیکی ہے۔ صحابہؓ نے عرض کیا، اگر اون والا جانور ہو (یعنی دنبہ ہو جس کے بال بہت ہوتے ہیں) اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: اس کے بھی ہر بال کے بدلے ایک نیکی ہے۔ (مشکوٰۃ)

مذکورہ احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا عیدالاضحی کے دن قربانی کرنا، اللہ تعالیٰ کے نزدیک محبوب ترین عمل ہے، پس جو عمل محبوب حقیقی کو محبوب ہو، اسے کس قدر محبت اور اہتمام سے کرنا چاہیے، اس دن قربانی کرنا ہمیں اللہ سے کتنا قریب لے جائے گا اور ہم پر سے کتنی مصیبتیں ٹل جائیں گی، اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے، اگران تین دنوں میں کوئی شخص واجب قربانی نہ کرے اور اس کے بجائے سونا چاندی خرچ کرے اللہ کے راستے میں یا درہم و دینار خرچ کرے یا اور خیر خیرات کے کام کرے، رفاہی اداروں میں رقم دے، یہ اللہ کو پسند نہیں، سوائے اس کے کہ قربانی کےجانور کے گلے پر چھری پھیرے ،قربانی کے دنوں میں اللہ کو اولاد آدم کا یہ عمل بے حدمحبوب ہے۔

جس مقصد کے تحت اللہ نے یہ قربانی واجب فرمائی تھی، آج اس کے بالکل بر خلاف کہنے والے یہ کہہ رہے ہیں کہ ! قربانی کیا ہے یہ قربانی (معاذ اللہ) خوا مخواہ رکھ دی گی ہے، لاکھوں روپیہ خون کی شکل میں نالیوں میں بہہ جاتا ہے اوریہ عمل معاشی اعتبار سے نقصان دہ ہے، جانور کم ہوجاتے ہیں، لہٰذا قربانی کرنے کے بجائے یہ کرنا چاہیے کہ جو لوگ غریب ہیں، بھوک سے بلبلا رہے ہیں تو قربانی کا گوشت تقسیم کرنےکے بجائے وہ روپیہ پیسہ غریب کو دیا جائے، تاکہ اس کی ضروریات پوری ہوجائیں۔ یہ پروپیگنڈا اتنی کثرت سے کیا جارہا ہے کہ پہلے زمانے میں تو صرف ایک مخصوص حلقہ تھا جو یہ باتیں کرتا تھا ،لیکن اب یہ حالت ہوگئی ہے کہ شاید ہی کوئی دن خالی جاتا ہو جس میں کم از کم دو چار افراد یہ بات نہ پوچھ لیتے ہوں کہ اگر ہم قربانی نہ کریں اور وہ رقم غریبوں میں تقسیم کردیں تو اس میں کیا حرج ہے؟یہ خودساختہ فلسفہ قرآن و سنت اور اسلامی تعلیمات کے صریح خلاف ہے۔اسلامی شریعت کے مطابق قربانی کے دنوں میں قربانی سے بڑھ کر اللہ کے نزدیک کوئی عمل محبوب اور پسندیدہ نہیں۔

نمازِ عید الاضحی کا طریقہ…!

نمازِ عید دورکعت ہیں۔نمازِ عید اور دیگر نمازوں میں فرق صرف اتنا ہے کہ اس میں ہر رکعت کے اندر تین تین تکبیریں زائد ہیں۔ پہلی رکعت میں’’سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ‘‘ پڑھنے کے بعد قرأت سے پہلے اور دوسری رکعت میں قرأت کے بعد رکوع سے پہلے،ان زائد تکبیروں میں کانوں تک ہاتھ اٹھانا چاہیے، پہلی رکعت میں دو تکبیروں کے بعد ہاتھ چھوڑدیں،تیسری تکبیر کے بعد ہاتھ باندھ لیں۔دوسری رکعت میں تینوں تکبیروں کے بعد ہاتھ چھوڑدیے جائیں،چوتھی تکبیر کے ساتھ رکوع میں چلے جائیں۔نمازِ عید کے بعد خطبہ سننا مسنُون ہے۔

قربانی کی دعا…!

قربانی کا جانور ذبح کرتے وقت اسے قبلہ رُخ لٹائیں اور اس کے بعد یہ دعا پڑھیں:

’’اِنِّیْ وجَّھْتُ وَجْھِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَا اَنَا مِنَ المُشْرِکِیْنَ o

اِنَّ صَلٰوتِیْ وَنُسُکِیْ وَ مَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنo

لاَ شَرِ یْک لَہ‘ وَبِذٰلِکَ اُمِرْتُ وَاََنَا اَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَoاَللّٰھُمَّ مِنْکَ وَلَکَ‘‘۔

اس کے بعد’’ بِسْمِ اللہِ اَللہُ اَکْبَر‘‘ کہہ کر قربانی کا جانورذبح کریں۔(سنن ابو داؤد)

ذبح کرنے کے بعد یہ دعا پڑھیں:

اَللّٰھُمَّ تَقَبَّلْہُ مِنِّیْ کَمَا تَقَبَّلْتَ مِنْ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ وَّ خَلِیْلِکَ اِبْرَاھِیْمَ عَلَیْھِمَاالسَّلامُ۔

تازہ ترین