• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر حلقہ ارباب ذوق کا اجلاس

لیورپول (پ ر) بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مخدوش صورت حالات پر حلقہ ارباب ذوق کے زیر اہتمام ہنگامی اجلاس میںمقامی شاعروں اور ادیبوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برخلاف مقبوضہ کشمیر کے بھارت میں غیر قانونی طور پر ضم کرنے اور اہل کشمیر پر جبر و استبداد کے پہاڑ توڑنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔چیئرپرسن محمدانور نے اہل کشمیر کی حمایت کیلئے لیورپول کی ممبر آف پارلیمنٹ آنریبل لوشیانہ برگرکے نام مراسلہ میں کہا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے سرحدوں پر کلسٹر بموں اور مقبوضہ کشمیر کا بھارت سے ناجائز الحاق کی پر زور مذمت کرے اور نہتے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میںآواز اٹھائے۔ محمدانور نے کہا کہ اس ضمن میں عنقریب مقامی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔جنرل سیکرٹری روبینہ خان نے بھارتی تسلط کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی اس بہیمانہ حرکت سے مسئلہ کشمیر اب بین الا قوامی سطح پر پوری طرح اجاگر ہوگا۔کلچر سیکرٹری فردوس شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب سیاست سے زیادہ انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔ بھارتی انتہا پسند حکومت کے اس چیرہ دستی کا بین الا قوامی برادری سختی سے نوٹس لے ۔ میاں محمد ارشد نے حکومت پاکستان کو سفارتی محاذ پر مزید مستعد ہونے کیلئے زور دیا۔اور ادیبوں شاعروں سے گزارش کی کہ وہ بھارتی ظلم وستم کیخلاف قلمی جہاد کریں۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور حکومت پاکستان سے اظہار جہتی کیلئے ڈاکٹر یونس پرواز، نغمانہ کنول، محمد اظہر ،شارق خان، ڈاکٹر ناہید کیانی ، ڈاکٹر ثاقب ننکانوی ،لیاقت علی عہد، مخدوم سید امام، ڈاکٹرناہید کیانی،طاہر حفیظ ،جاوید ضمیر،عالم پنوار، سعید شیخ، شیخ امتیاز احمد، ڈاکٹر طاہر جاوید،خواجہ عرفان الٰہی،عرفان خواجہ، عنبرین گل،راجہ محمد افضل، محمد صفدر، میجر سعید و دیگر ممتاز شخصیات نے پرزور تائید کی ہے۔
تازہ ترین