• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کی پالیسی امن کیلئے خطرہ ہے،فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہندو توا سوچ پر کاربند مودی سرکار کی تسلط کی پالیسی خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت اپنے انتہا پسندانہ رویے پر نظرِ ثانی کرے، مودی سرکار نے بھارتی تسلط کی پالیسی نہ ترک کی تو خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، کشمیر تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قربانی کے روز مسلمانوں کو ان کا  مقدس تہوار منانے سے روکنا ثابت کرتا ہے کہ سیکولر اور جمہوری بھارت مودی کے ہاتھوں قتل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، کوئی جبر، کوئی ظلم، کوئی کرفیو، کوئی ہتھکڑی اور کوئی قید خانہ کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دن کشمیریوں کو ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے سے روکنا ثابت کرتا ہے کہ بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رہا ہے۔

تازہ ترین