• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم کی قیادت کے بغیر قیام پاکستان ناممکن تھا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم نعمت اور بانی اجداد کی جانب سے بیش بہا تحفہ اور لازوال شفقت کا مظہر ہے۔

72 ویں یومِ آزادی کے موقعے پر جاری بیان میں بلاول کا کہنا ہے کہ وطن کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے پرامن سیاسی جدوجہد کی راہ پر چلتے ہوئے قربانیوں کی انتہا کو چھوکر ثابت قدمی کے نئے معیار قائم کیے اور رہتی دنیا کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

 انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کے بغیراس ملک کا قیام ناممکن تھا۔ انہوں نے تحریکِ پاکستان کے دوران جدوجہد اور قربانیاں دینے والے تمام رہنماؤں و کارکنان کو بھی اپنی جانب سے سلام پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور ان کی پارٹی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور جدوجہد کی کامیابی تک ان کی حمایت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ 14 اگست 1947ء کی صبح جدوجہد کے ایک مرحلے کے اختتام اور دوسرے مرحلے کے آغاز کا دن تھا، جس کے دوران مساوات پر مبنی معاشرہ اور جمہوریت پر قائم ریاست کو تشکیل دینا تھا۔ لیکن جمہوریت و دستور پسندی سے ہمیشہ اِلرجک عناصر اور سازشوں کے باعث بدقسمتی سے ملکی معاملات ہمارے بانی اجداد کے وژن کے مطابق چل نہ سکے اور عوام کے اقتدارِ اعلیٰ پر زیادہ عرصہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے راج کیا۔

نتیجتاً آج 72 سال گذرنے کے باوجود ہمارے سامنے تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت، مسلسل گراوٹ کا شکار معیشت اور جمہوری و انسانی حقوق پر قدغن عائد ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائداعظم کے نظریات کی روشنی میں ملک میں جمہوریت اور مساوات کے لیے جدوجہد و قربانیاں دی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے متفقہ دستور کے ذریعے آزادی کے ثمرات عوام کو منتقل کرنے کا راستہ کھولا اور ملکی وسائل پر قابض 22 خاندانوں کا استحصالی قبضے کا خاتمہ کیا۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور اس کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔ صدر آصف علی زرداری کی زیرقیادت جمہوری حکومت نے اتفاق رائے سے اٹھارویں ترمیم منظور کرکے صوبوں کو خودمختاری دے کر وفاق کو مضبوط کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظم کے وژن کے مطابق ملک کو مساوات پر قائم جمہوری ملک بنانے کی جدوجہد کرتی رہے گی اور اس کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

تازہ ترین