• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر سودے بازی قبول نہیں،وزیرخارجہ بتائیں ارادے کیا ہیں،بلاول

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/جنگ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کشمیر پر سودے بازی قبول نہیں، وزیر خارجہ بتائیں ان کے ارادے کیا ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ اتنے چھوٹے لوگ ہیں کہ درخواست کے باوجود بھی آصف زرداری کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، عید کی رات کو 12 بجے فیصلہ کیا گیا کہ فریال تالپور کو اسپتال سے جیل بھیجا جائے، ظالمانہ حکومت نے فریال تالپور کو اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیا۔انہوں نے حکومت کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فریال تالپور کو جیل منتقل کیا جارہا تھا، اس وقت میں مظفرآباد میں اور آصف زرداری جیل میں تھے، فریال تالپور کے حوالے سے میرا خاندان درخواست دے گا اور ہم حکومت کو فریق بنائیں گے۔بلاول کا کہنا ہے کہ یہ اتنے چھوٹے لوگ ہیں کہ درخواست کے باوجود بھی آصف زرداری کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، سزائے موت پر بھی قیدی کو نماز پڑھنے کا حق حاصل ہوتا ہے، شہادتیں دینے والا خاندان ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں جھکے گا۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی وجہ سے ہم عید خوشی کے ساتھ نہیں منارہے تاکہ پوری دنیا میں رہنے والے کشمیریوں کو پیغام جائے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں کشمیری بھائیوں کے دکھ درد سے خود کو جوڑنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا حکومتی نمائندے کی آزاد کشمیر میں آنے سے اتحاد کی فضا قائم ہوئی، تا ہم صرف پیغاموں پر کام نہیں چل سکتے بلکہ ہمیں عملی اقدام کرنا ہوں گے، ہمیں کشمیریوں کیلئے جنگ بھی لڑنی پڑے تو لڑیں گے لیکن ہمارے حکمران قومی یکجہتی کو ختم کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین