• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آلائشوں کے نہ اٹھائے جانے اورکچرا جمع ہونے سےصورتحال تشویشناک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں آلائشوں کے بروقت نہ اٹھائے جانے اور ہزاروں ٹن کچرا جمع ہو جانے سے صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے عیدالاضحیٰ کے پہلے دو روز قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کا کام معیاری نہ رہا جبکہ کچرے کے ڈھیر لگنے سے بھی تعفن اور بدبو پھیل گئی ہے۔ بعض علاقوں میں دیر تک آلائشیں پڑی رہنے سے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں خاص کر قائم کئے گئےڈمپنگ پوائنٹ سے لوگوں کو پریشانی رہی۔ بعض آبادیوں میں ڈمپنگ پوائنٹ مین شاہراہوں اور گرائونڈز میں بنائے گئے تھے جبکہ اندرونی گلیوں سے دیر سے آلائشیں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات اٹھانے میں تاخیر کا سامنا رہا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی چار اضلاع جنوبی، شرقی، ملیر اور ضلع غربی سے آلائشیں اٹھانے کی ذمہ داری تھی جبکہ بلدیہ وسطی اور کورنگی کی ڈی ایم سیز نے اپنے طور پر انتظامات کئے تھے۔ ضلع وسطی کی شاہراہ پاکستان پر واٹر پمپ اور عائشہ منزل پر ڈمپنگ پوائنٹ سے لوگوں کو پریشانی رہی۔ ضلع غربی کی مختلف یونین کمیٹیوں میں بھی آلائشیں اٹھانے کے ناقص انتظامات رہے۔ نیوکراچی اور سرجانی سے زیادہ شکایات ملیں۔ بلدیہ اور کیماڑی میں صورتحال بھی اچھی نہ تھی۔ ملیر کے کچھ علاقوں اور ضلع کونسل کراچی سے بھی بروقت آلائشیں نہ اٹھائے جانے کی شکایات ملیں۔ عید پر کچرا بھی بروقت نہیں اٹھایا جا سکا اور ڈھیر لگ گئے ہیں۔ عید کے دوسرے روز صفائی کا عملہ نظر نہیں آیا اور نہ ہی کچرا کنڈیوں کو صاف کیا گیا اس طرح شہر میں آلائشوں کے بروقت نہ اٹھائے جانے اور ہزاروں ٹن کچرا جمع ہو جانے سے صورتحال کافی تشویشناک ہوگئی ہے۔
تازہ ترین