• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن:مودی مخالف بڑے مظاہرے سے قبل اسکاٹ لینڈ یارڈ الرٹ

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نریندر مودی کی جانب سے آئین کی شق 370منسوخ کر کے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد لندن میں بھارتی حکومت مخالف بڑے مظاہرہ سے قبل میٹروپولیٹن پولیس الرٹ ہو گئی۔ پولیس کو صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیاری کی حالت میں رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے سپیشل ایڈوائزر برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری کی جانب سے 15 اگست کو یوم سیاہ منانے اور دنیا بھر کے ممالک میں بھارتی سفارت خانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کر کے انڈیا کے زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کی اپیل کے پیش نظر بھی کیا گیا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ انہیں 15 اگست کی دوپہر طے شدہ مظاہرے کا علم ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق مظاہرے میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے جوکہ برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑ ا مظاہرہ ہوگا، تاہم پولیس نے تعینات کی جانے والی نفری کی تعداد پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق 200 سے زائد افسران ہجوم قابو میں رکھنے، روڈ بلاک ہونے یا تصادم کو روکنے کیلئے ڈیوٹی پر ہوں گے۔ 15اگست کے مظاہرے میں تمام سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی برطانوی شرکت کریں گے جوکہ کشمیر ایشو پر بھی شازونادر ہی متحد ہوئے ہیں۔ خالصتان کی حامی دو تنظیمیں اور سیکولر انڈین تنظیمیں بھی اس مظاہرے میں شریک ہوں گی۔ عمران خان کے ایڈوائزر نے، جو کہ خود بھی اس مظاہرے میں شریک ہوں گے، ایک بیان میں کہا کہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیلئے آواز اٹھائیں جو کہ نریندر مودی کی حکومت کے تحت نازی دور جیسے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تازہ ترین