• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے،مظالم بند کیے جائیں ،مقررین

لاہور (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مینارٹیز کے زیر اہتمام پورے ملک میں گزشتہ روز ’’یوم اقلیت‘‘ منایا گیا اس سلسلے میں پریس کلب لاہور میں ’’پاکستان اقلیتوں کے کردار اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی‘‘ کے حوالے سے سیمینار ہوا ۔ مقررین میں چودھری اعتزاز احسن، ڈاکٹر پال بھٹی، نجمی سلیم، بشپ ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک ، فادر جیمز چنن، جاوید ولیم، ڈاکٹر سردار کلیان سنگھ کلیان، عبدالقادر شاہین، ڈاکٹر منوہر چاند، عبداللہ ملک ایڈووکیٹ، سہیل رضا، چودھری غذرا شجاعت ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو فوراً بند کرے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ مقررین نے مزید کہا کہ تمام اقلیتیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہیں ۔ مقررین نے اپنے خطابات میں آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے بانی چیئرمین شہبا زبھٹی شہید کی اقلیتوں کے لئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد نے جس دلیری اور جرأت کے ساتھ اقلیتوں کے حقوق کے لئے تاریخی جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی اس پر تمام اقلیتیں ان پر فخر کرتی ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ شہباز بھٹی شہید نے اقلیتوں کے لئے درج ذیل تاریخ ساز کارنامے سرانجام دیئے ہیں جن میں سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے 5فیصد کوٹہ مخصوص کروانا، سینٹ میں اقلیتوں کے لئے چار نشستیں مخصوص کروانا، اقلیتوں کی خدمات کو تسلیم کروا کر ہر سال 11اگست یوم اقلیت قرار دیوانا شامل ہیں جس کے لئے تمام اقلیتیں شہباز بھٹی کی مشکور ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ایک قرارداد بھی منظور کی گئی اور ملک کی ترقی و سالمیت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین