• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنِ مصوّری کے ساتھ پاکستان میں تصویر کشی یا عکّاسی کا شوق بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ اپنی تصاویر بنوانا ، خُوب صُورت ،یادگار لمحات کیمرے کی آنکھ میں قید کرنا تو ہر ایک ہی کی خواہش ہوتی ہے، چاہے وہ کسی محفل میں ہوں، کسی اہم شخصیت کے ساتھ ہوں یا کسی تاریخی مقام پر۔ 

تاہم، ایسے افراد کی تعداد کچھ کم ہے، جو صرف اور صرف تاریخی مقامات کی منظر کشی کر کے دنیا بھر میں وطنِ عزیز کا امیج بہتر بنانے کا شوق اور جذبہ رکھتے ہیں۔

کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر کھیل و ثقافت،ریحان خان بھی ایسے ہی لوگوں میں شامل ہیں۔ ریحان خان پچھلے 15برس سےآزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مُلک کے چاروں صوبوں کے تاریخی ، قدرتی و دل کش مناظرو مقامات کی کیمرے کی مدد سے نہ صرف منظر کشی کررہے ہیں،بلکہ ان تصاویر کویک جا کرکےکتابی شکل بھی دے چُکے ہیں۔ 

اس حوالے سے اب تک ان کی تین کتب شایع ہوئی ہیں۔ اور اُن میں سے ’’پاکستان، جنّت زمین پر‘‘ کوخاصی مقبولیت حاصل ہوئی۔ انہوں نے مُلک کے187تاریخی مقامات کو ،جن میں دشوار گزار علاقے بھی شامل ہیں ،اپنی کتاب کا حصّہ بنایا ہے۔

انہیں اپنے شوق کی تکمیل میں کئی قسم کی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ بلند مقامات کی منظر کشی کے دَوران کئی بارچوٹیں آئیں ،مگر وہ کہتے ہیں ناں کہ’’ شوق کا کوئی مول نہیں ‘‘، تو بس یہی جذبہ ان کو آگے بڑھنے سے نہ روک سکا۔ ریحان خان کی انہی کاوشوں پرحکومتِ آزاد کشمیر نے اُنہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔

تازہ ترین