• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کو مذہبی فرائض سے روکنا مسلمانوں کی توہین ہے،او آئی سی

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے کہا ہے کہ مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا دنیا بھر کے مسلمانوں کی توہین ہے، بھارت کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حقوق کا احترام کرے۔

او آئی سی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں اسلامی ممالک کی تنظیم نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورت حال اور بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں ۔

او آئی سی نے مزید کہاکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا، مذہبی آزادی پر قدغن لگانا اور مکمل لاک ڈاون انتہائی تشویش ناک ہے۔

اسلامی ممالک کی تنظیم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہاکہ بھارت کی طرف سےکشمیریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

او آئی سی نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کریں۔

تازہ ترین