• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کمشیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز پیپلز سیکریٹریٹ سے وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں ہوا۔

پیپلز سیکریٹریٹ سے لے کر ایمپریس مارکیٹ تک قومی پرچم، کشمیر اور پیپلزپارٹی کے جھنڈے آویزاں تھے، ریلی کے روٹ پر پیپلز پارٹی کے تحت جگہ جگہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی مذمت کے حوالے سے بینرز اور کتبے آویزاں کیے گئے تھے۔ ریلی میں اے این پی، جماعت اسلامی و دیگر سیاسی اور دینی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر کے لیے پورا پاکستان اکھٹا ہوا ہے، تمام جماعتیں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، چئیرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی ہے، سیاسی جماعتوں نے ریلی میں شریک ہوکر ثابت کردیا کہ کشمیر اور پاکستان کے لیے سب ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے،پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،بلاول بھٹو نے ہدایت کی تھی بطور وزیر اعلیٰ ریلی کی قیادت کروں اور تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہندوستان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ہم پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، کشمیر ی تمھارے 72 سال کے تشدد سے نہیں ڈرے تو یہ کس طرح تمھاری چھوٹی سی آئینی ترمیم سے ڈر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مایوس باتوں کے باوجود وزیر اعظم سے کہتا ہوں کہ بھارت سے دوٹوک بات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کے لئے ہم حکومت کی پالیسی کو سپورٹ کریں گے، ملکی سلامتی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، شہید بھٹو نے کشمیریوں کی آواز عالمی فورمز تک پہنچائی اور کشمیر کا مقدمہ لڑا۔

ریلی کے شرکاء نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، مقررین کی تقاریر اورشر کاء کے پُرجوش نعرے ریلی میں موجود لو گو ں کے جذبات کو گر ماتے رہے۔

پیپلز یو تھ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں جلسہ اور ریلی میں شرکت کی، ریلی کے مرکزی بینر پر’’کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی اور کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ تحریر تھا۔

کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے بھی پیپلزپارٹی کی یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کی۔

یکجہتی کشمیر ریلی کی سیکیورٹی کے لیے پیپلزپارٹی یو تھ ونگ ذیلی تنظیموں کے کارکنان مامور تھے جبکہ پو لیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی تعینات تھی،ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں نوجوانوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیئے، پیپلز پارٹی کے تحت کراچی میں تاریخی یکجہتی کشمیر ریلی تھی۔

ریلی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراطلاعات سندھ سعید غنی ،مشیر قانون مرتضی وہاب، وقار مہدی، تاج حیدر،جاوید ناگوری،خواتین ونگ کی عہدیدار اور دیگر نے شرکت کی۔

تازہ ترین