• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کے لیے بلوجیکٹ کا افتتاح کردیا



وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوجیکٹ پروگرام کا افتتاح کردیا، بلو جیکٹ کو متعارف کرانے کا مقصد کچرا کھلی جگہ پر نہ پھینکیں، یہ پروگرام سندھ حکومت کی جانب سے ڈی سی سائوتھ نے شروع کیا ہے۔

پروگرام کا مقصد کسی قسم کی گندگی سڑکوں، گلیوں میں پھینکنے کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے۔

بلیو جیکٹ کے 600 رضاکار صرف ڈسٹرکٹ سائوتھ میں رجسٹرڈ ہیں۔

تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے بلوجیکٹ پروگرام’کراچی کو صاف رکھنا ہے‘ کا افتتاح کرکے بہت خوشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے طور پر یوم آزادی منا رہے ہیں،ہم کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ مجھ سے مرتضیٰ وہاب اور ڈی سی سائوتھ نے اپنا بلوجیکٹ پروگرام شروع کرنے کی اجازت لی،انشاء اللہ ہم پورے کراچی،پورے سندھ اور پورے ملک کو صاف کریں گے، مرتضیٰ وہاب کی محنت سے ہم پلاسٹک بیگس پر پابندی عائد کرنے جارہے ہیں،آپ سب کو ہماری مدد کرنی ہوگی، ہم نے بارشوں کے فوری بعد شہر کو 90 فیصد کلیئر کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے پروگرام میں موجود لوگوں سے وعدہ لیا کہ وہ اپنے گھر اور اُس کے اطراف کی صفائی شروع کریں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ شہر کسی پارٹی یا فرد کا نہیں، یہ شہر ہم سب کا شہر ہے،ہم سب کو اس شہر کو صاف رکھنا ہے،دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاں حکومت صفائی کرواتی رہے اور لوگ کھلی جگہوں پر کچرا پھینکیں،سب شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب سے بہروز سبزواری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کراچی کو صاف رکھنا، کچرا اٹھانا ہے،اپنے گھر، محلے، شہر اور پاکستان کو صاف رکھنا ہے۔

پروگرام میں مشہور گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کئے، پروگرام کی کمپیئرنگ ندیم جعفری نے کی، تقریب میں کئی نامور آرٹسٹوں نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، ڈی آئی جی شرجیل کھرل، میزبان ڈی سی سائوتھ صلاح الدین اور ان کی ٹیم پروگرام میں شریک تھی۔

تازہ ترین