• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے ہم پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تومنہ توڑ جواب دیں گے، وزیراعلیٰ کاکشمیر ریلی سے خطاب

اکراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف یکجہتی کشمیرریلی نکالی گئی ۔ریلی کا آغاز پیپلز سیکریٹریٹ سے وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں ہوا۔ پیپلزسیکریٹریٹ سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورپیپلزپارٹی کے دیگررہنماؤں کی قیادت میں ریلی کے شرکا پیپلزسیکریٹریٹ مزارقائد سے ایمپریس مارکیٹ تک پیدل مارچ کیا ۔ ریلی میں اے این پی، جماعت اسلامی و دیگر سیاسی اوردینی جماعتوں کی قیادتوں نے شرکت کی۔ اے این پی کے شاہی سید، مسلم لیگ ق کے طارق حسن، جماعت اسلامی کے یونس بارائی ،پی ایس پی کے آصف حسنین اور دلاور بھائی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر کے لیے پورا پاکستان اکھٹا ہوا ہے ۔ تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں ،مراد علی شاہ نے کہا کہ ہندوستان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ہم پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔کشمیر ی تمھاری 72 سال کے تشدد سے نہیں ڈرے تو یہ کس طرح تمھاری چھوٹی سی آئینی ترمیم سے ڈر جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی مایوس باتوں کے باوجود وزیر اعظم سے کہتا ہوں کہ بھارت سے دوٹوک بات کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کے لئے ہم حکومت کی پالیسی کو سپورٹ کریں گے۔ملکی سلامتی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔شہید بھٹو نے کشمیریوں کی آواز عالمی فورمز تک پہنچائی اور کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی کی طرف سے تمام جماعتوں کا ریلی میں شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹرک پر سوار ہو کر ریلی کی قیادت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ ریلی میں شریک افراد بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گر دی مردہ آباد، بھارت کے کشمیر ی مسلمانوں پر مظالم مردہ آباد اور دیگر نعرے لگائے گئے ۔
تازہ ترین