• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم آزادی و یکجہتی کشمیر‘ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام تقریب

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیراہتمام یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل کامران رحمٰن مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک‘ منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن جنید خان‘ محکمہ کھیل کے حکام‘ کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیدار‘ کھلاڑی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقریب میں کشمیریوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اقوام متحدہ اور دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور انہیں اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے دیا جائے۔ تقریب میں ملی نغمے بھی پیش کئے گئے اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں کی قربانیوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سیکرٹری کھیل کامران رحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد آزاد ہوا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ملک و قوم کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں انہیں کل اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے لہٰذا انہیں سخت محنت اور جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
تازہ ترین