• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ: لاہور میں ریلی

بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ لاہور میں گورنر ہائوس سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چودھری محمد سرور نے کی۔


وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 50 سال بعد کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تک پہنچا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے ہر ضلع میں ایک سڑک اور ڈویژن میں ایک پارک کشمیر سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

یوم سیاہ کے سلسلے میں گورنر ہائوس لاہور سے چیئرنگ کراس مال روڈ تک نکالی گئی ریلی میں وزیر خارجہ، وزیراعلی پنجاب اور گورنر پنجاب کے علاوہ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ریلی چیئرنگ کراس پہنچ کر جلسے کی صورت اختیار کر گئی، اپنے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر ساری قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح یکجا ہونا ہو گا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورآرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اورسفارتی حمایت  ہرصورت جاری رکھےگا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر جتنا ظلم بڑھ گیا ہے اسی طرح ان کا جذبہ آزادی بھی بڑھ گیا ہے۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ آپ کے جوش و جذبے سے بہت طاقت ملی ہے۔ ہمیں کوئی لالچ نہیں، صرف آواز چاہیے۔

ریلی سے مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور، پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد، پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین