• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوسکتے، جام کمال خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ہتھکنڈے اور مذموم عزائم کامیاب نہیں ہو سکتے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹے ہمارا فخر ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دےکر قوم کے فخر میں اضافہ کیا۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں جاری اپنے ظلم وجبر سے دُنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر تناوٴ بڑھانا چاہتا ہے اور بھارت کے جارحانہ عزائم خطے اور دُنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔

انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لیا جائے۔

تازہ ترین